سیاحت کیلئے بہترین مقامات کی فہرست میں شامل لاہور کچرے کا ڈھیر بن گیا

پنجاب حکومت کی نااہلی نے غیر ملکی خبر رساں اداروں کو پاکستان پر طنز کے نشتر چلانے کا موقع فراہم کر دیا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 16 جنوری 2021 22:06

سیاحت کیلئے بہترین مقامات کی فہرست میں شامل لاہور کچرے کا ڈھیر بن گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جنوری2021ء) سیاحت کیلئے بہترین مقامات کی فہرست میں شامل لاہور کچرے کا ڈھیر بن گیا، پنجاب حکومت کی نااہلی نے غیر ملکی خبر رساں اداروں کو پاکستان پر طنز کے نشتر چلانے کا موقع فراہم کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کے تمام تر دعووں کے باوجود لاہور میں صفائی کی بدترین صورتحال میں کوئی کمی نہیں آئی۔

2 روز قبل لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمران علی نے دعوی کیا تھا کہ کمپنی جمعہ کو لاہور شہر کو زیرو ویسٹ پر لے آئے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کے دوران شہر کی صفائی اور ستھرائی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے عمران علی نے کہا تھا کہ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی چالیس فیصد مشینری سے شہر کا 85 فیصد کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگا چکی ہے جبکہ باقی کوڑا کرکٹ جلد اٹھا کر شہر کو صاف کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

تاہم اب جمعہ کی ڈیڈ لائن گزرے ایک دن گزر چکا تاہم شہر میں اب بھی ہر جانب کچرے کے ڈھیر لگے ہیں۔ پنجاب حکومت کی نااہلی کے باعث پیدا ہونے والی یہ صورتحال پاکستان کیلئے بین الاقوامی سطح پر بھی شرمندگی کا باعث بن گئی ہے۔ کچھ روز قبل امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے سال 2021 میں سیاحوں کے لیے 52 بہترین مقامات کی فہرست میں پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کو بھی شامل کیا تھا۔

تاہم اب لاہور میں کچرے کی صورتحال دیکھ کر ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے کی جانب سے شائع کردہ رپورٹ میں لاہور شہر اور پاکستان کو طنز کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نیویارک ٹائمز نے تو لاہور کو 2021 میں سیاحوں کے لیے 52 بہترین مقامات کی فہرست میں شامل کر لیا، لیکن یہی لاہور شہر اس وقت کچرے کا ڈھیر بن چکا ہے، جہاں ہر گلی ہر سڑک ہر کونے میں، جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر لگے ہیں۔