تمام جنوبی افریقی کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ منفی آگئے

کھلاڑیوں کی رپورٹس منفی آنے پر اطمینان کی لہردوڑ گئی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 17 جنوری 2021 12:53

تمام جنوبی افریقی کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ منفی آگئے
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 جنوری 2021ء ) گزشتہ روز کراچی پہنچنے والی جنوبی افریقی ٹیم کے کھلاڑیوں کے کویڈ ٹیسٹ منفی آگئے ہیں۔ مہمان ٹیم نے شیڈول کے مطابق اتوار کی صبح کراچی جمخانہ گراؤنڈ پر پریکٹس کا آغاز بھی کردیا، پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان26 جنوری سے شروع ہونیوالے پہلے ٹیسٹ کے لیے مہمان سائیڈ نے پریکٹس کا آغاز ہلکی پھلکی ورزشوں سے کیا،کھلاڑی خوشگوار موڈ میں نظر آئے، جنوبی افریقی ٹیم مقامی ہوٹل میں قرنطینہ کے دوران مسلسل 6 روز تک کراچی جمخانہ گراؤنڈ میں ہی پریکٹس کرے گی۔

مہمان ٹیم کے ترجمان کے مطابق پیر کو صبح 10 بجے شروع ہونیوالی پریکٹس کے بعد دوپہر 2 بجے مہمان ٹیم کے کپتان کونٹن ڈی کوک ورچوئل پریس کانفرنس کریںگے۔ بدھ کو جنوبی افریقی ٹیم کے منیجر کی میڈیا کانفرنس ہوگی۔

(جاری ہے)

جمعرات اور جمعے کو مہمان ٹیم انٹرا سکواڈ میچز کھیلے گی۔ دوسرے کوویڈ ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کی صورت میں جنوبی افریقی ٹیم ہفتہ اور اتوار کو نیشنل سٹیڈیم میں پریکٹس کا آغاز کریگی۔

دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم جمعرات سے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں دوپہر 1 بجے ٹریننگ کا آغاز کرے گی، اگلے 2 روز روزانہ صبح 10 بجے اوراتوار کو ٹریننگ سیشن کا انعقاد دوپہر 1 بجے ہوگا، ہرسیشن کے اختتام پر سکواڈ میں شامل ایک رکن ورچوئل پریس کانفرنس کریگا، پیر کو صبح 10 ٹریننگ سیشن ہوگا جس کے بعد قومی کپتان بابراعظم ورچوئل پریس کانفرنس میں شرکت کریں گے، 26سے30 جنوری تک شیڈول پہلے ٹیسٹ کا ٹاس صبح ساڑھے 9 بجے ہوگا جبکہ کھیل کا آغاز 10 بجے ہوگا۔