محمد عامر نے انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کا اعلان کردیا

پی سی بی کے پاس خود جاکر دستیابی سے آگاہ کروں گا: فاسٹ بائولر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 17 جنوری 2021 13:12

محمد عامر نے انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کا اعلان کردیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 جنوری2021ء) قومی ٹیم کے فاسٹ بائولر محمد عامر نے انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کا اعلان کردیا ہے۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے محمد عامر کا کہنا تھا کہ وہ خود پی سی بی کے پاس جاکر انہیں اپنی دستیابی سے آگاہ کریں گے اور یہ پی سی بی پر منحصر ہوگا کہ وہ انہیں سلیکٹ کرتا ہے یا نہیں ۔
اس سے قبل انٹرنیشنل کرکٹ سے حال ہی میں کنارہ کشی اختیار کرنے والے فاسٹ بولر محمد عامر نے بتایا تھا کہ ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس مجھے ذہنی طور پر ٹارچر کرتے آئے، اب میں مزید برداشت نہیں کرسکتا۔

محمد عامر نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس کے بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مصباح الحق اور وقار یونس میرے مقدمے کو غلط رنگ دے رہے ہیں، میں اب بھی مصباح اور وقار کے ہوتے ہوئے نہیں کھیلنا چاہتا ہوں ۔

(جاری ہے)

انھوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ بات اب بہت آگے نکل چکی ہے۔ محمد عامر نے کوچز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مصباح الحق اور وقار یونس میری کارکردگی پر بات کرتے ہیں،انہیں پہلے اپنی پرفارمنس دیکھنی چاہیئے۔

انھوں نے کہا کہ مصباح اور وقار شکستوں کا ملبہ کورونا پر ڈال رہے ہیں، باقی دنیا کے لیے بھی کورونا ہے۔ محمد عامر نے کہا کہ وقار یونس کو میرے بیانات سے دکھ ہوا تو مجھے اس سے کہیں زیادہ دکھ پہنچا تھا۔فاسٹ بائولر نے کہا کہ مصباح اور وقار مجھے ذہنی طور پر ٹارچر کرتے آئے، اب مزید برداشت نہیں کرسکتا ہوں ۔ محمد عامر کا کہنا تھا کہ میں پی سی بی یا کرکٹ سے بڑا نہیں ہوں مگر موجودہ حالات میں نہیں کھیل سکتا ۔ انھوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو جب تک آسان ماحول نہیں دیں گے کارکردگی بہتر نہیں ہوسکتی۔