[انڈونیشیا: زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد 73 ہوگئی

اتوار 17 جنوری 2021 20:30

[انڈونیشیا: زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد 73 ہوگئی
جکارتہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جنوری2021ء) انڈونیشیا کے مغربی صوبے سٴْلاویسی میں جمعہ کو آنے والے زلزلے کے نتیجے میں ہلاک افراد کی تعداد 73 تک جاپہنچی ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق آفات کے نقصانات و اثرات میں کمی لانے والی انڈونیشیا کی ایجنسی (بی این پی بی) کے ترجمان رادیتیا جاتی نے کہا کہ 6.2 شدت کے زلزلے سے 820 سے زائد افراد زخمی ہوئے اور لگ بھگ 28 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونا پڑا۔

عینی شاہدین نے کہا کہ منتقل ہونے والے افراد میں سے کچھ نے پہاڑوں پر پناہ لی جبکہ دیگر انخلا مراکز منتقل ہوئے۔رادیتیا جاتی نے کہا کہ خطے کے متعدد حصوں میں لوٹ مار کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے پولیس اور ملٹری افسران کو تعینات کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ہنگامی طور پر امدادی کاموں میں معاونت کرنے والی ٹیموں کو بھی متاثرہ علاقوں میں دو ہفتے کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔

انڈونیشیا کی موسمیات، آب و ہوا اور جیو فزیکل ایجنسی (بی ایم کے جی) کے سربراہ ڈیکوریٹا کرناوًتی کا کہنا تھا کہ خطے میں ایک اور زلزلہ ممکنہ سونامی کا باعث بن سکتا ہے۔واضح رہے کہ انڈونیشیا کے صوبے سلاویسی میں زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات ڈیڑھ بجے آیا جس کا مرکز مجینے نامی قصبے کے 6 کلومیٹر شمال مشرق اور 10 کلومیٹر گہرائی میں تھا، جس کے نتیجے میں ہزاروں شہری خوفزدہ ہو کر نسبتاً اونچے مقام پر جانے کے لیے گھروں سے باہر نکل آئے تھے۔زلزلے اور آفٹر شاکس کے نتیجے میں 3 جگہ لینڈ سلائڈنگ ہوئی، اس کے علاوہ بجلی کی فراہمی کا سلسلہ منقطع ہوا، پلوں کو نقصان پہنچا جبکہ 60 سے زائد گھر متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ 2 ہوٹلوں اور صوبائی گورنر کے دفتر کو بھی نقصان پہنچا۔