نیب ادارہ میرے بارے غلط بیانی کرنے سے باز رہے، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ

نیب ایسے ہتھکنڈوں سے میری ساکھ متاثر نہیں کرسکتا، اعجازہارون میرا دوست تھا اور رہےگا، جبکہ اومنی گروپ کی پرائیویٹ ٹرانزیکشن سے میرا کوئی تعلق نہیں۔ سلیم مانڈوی ولا کا ترجمان نیب کے بیان پر ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 17 جنوری 2021 22:25

نیب ادارہ میرے بارے غلط بیانی کرنے سے باز رہے، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17جنوری 2021ء) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی ولا نے کہا ہے کہ نیب ادارہ میرے بارے غلط بیانی کرنے سے باز رہے، نیب ایسے ہتھکنڈوں سے میری ساکھ متاثر نہیں کرسکتا، اعجازہارون میرا دوست تھا اور رہےگا، جبکہ اومنی گروپ کی پرائیویٹ ٹرانزیکشن سے میرا کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے ترجمان نیب کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا کہ نیب کا ادارہ مجھ سے غلط بیانی  کرنے سے باز رہے۔

نیب ایسے ہتھکنڈوں سے میری ساکھ متاثر نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اومنی گروپ کی پرائیویٹ ٹرانزیکشن، جائیدادوں کے معاملے اور معاہدے سے میرا کوئی تعلق نہیں۔ اعجاز ہارون میرا دوست تھا اور ہمیشہ رہےگا۔ واضح رہے اس سے قبل ترجمان نیب نے اپنے بیان میں کہا کہ اعجاز ہارون نے اوورسیز سوسائٹی کے 12 پلاٹوں کی مختلف ٹھیکیداروں کے نام غیرقانونی الاٹمنٹ کی۔

(جاری ہے)

اعجاز ہارون نے اپنے ٹیکس گوشواروں میں ترمیم کرکے حقائق کو بدلنے کی کوشش کی۔ پلاٹوں کی  پرانی تاریخوں میں اوپن ٹرانسفر لیٹر کے ذریعے ملکیت کا انتظام کیا گیا۔ اعجاز ہارون اور سلیم مانڈوی والا کا جرم میں حصہ بالترتیب 80 ملین اور64.5 ملین روپے ہے۔ سلیم مانڈوی والا کو بھجوائی گئی مبینہ رقم کو قرض کا رنگ دیا گیا۔ ترجمان نیب نے کہا کہ نیب پارلیمنٹیرینز سمیت ہر ایک کی عزت نفس کو ہمیشہ یقینی بناتا ہے۔

نیب کی بطورادارہ کارکردگی سے متعلق یکطرفہ تاثر پیش کیا جا رہا ہے۔ یکطرفہ تاثر میں نیب کو موردِالزام ٹھہرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ جس کا مقصد صرف اور صرف نیب کی ساکھ کو نقصان  پہنچانا ہے۔ نیب شفاف اورمنصفانہ کاموں کے بارے میں کسی پروپیگنڈا مہم کے آگے سر نہیں جھکائے گا۔ نیب معاشرے میں بدعنوان عناصر کو گرفت میں لانے کا عمل جاری رکھے گا۔ نیب مقررہ وقت پر قانون کیمطابق اپنا مقدمہ احتساب عدالت اسلام آباد میں پیش کرےگا۔