کویت سے نکالے گئے لاکھوں بھارتیوں کی جگہ پاکستانیوں کو نوکریاں ملیں گی

پاکستانی سفیر کی کویتی مین پاوراتھارٹی کے سربراہ سے ملاقات کے شاندار نتائج سامنے آ گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 18 جنوری 2021 11:01

کویت سے نکالے گئے لاکھوں بھارتیوں کی جگہ پاکستانیوں کو نوکریاں ملیں ..
کویت(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18 جنوری2021ء) کویتی حکومت کی جانب سے مملکت میں غیر ملکیوں کی تعداد گھٹانے کے لیے اہم پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے، جس کا سب سے زیادہ اثر بھارتی تارکین پر پڑ رہا ہے۔ اس وقت کویت میں 14 لاکھ کے قریب بھارتی مقیم ہیں، جن میں سے تقریباً 8 لاکھ کو واپس بھجوا دیا جائے گا اور ہزاروں کو بھجوایا بھی جا چکا ہے۔ کویتی حکومت کے مطابق مملکت بھر سے غیر ہُند مند اور غیر قانونی تارکین کو واپس بھجوایا جا رہا ہے۔

اب تک ایسے افراد کو ہزاروں کی گنتی میں واپس بھجوایا جا چکا ہے اور اگلے چند ماہ میں یہ تعداد لاکھوں میں پہنچ جائے گی۔ اس حوالے سے کویتی حکا م کا کہنا ہے کہ غیر ہُند مند افراد کویتی معیشت کے لیے ایک بوجھ ہیں اور وہ مملکت کی ترقی میں مدد گار ثابت نہیں ہو رہے، اس لیے اب ان افراد کی جگہ جدید ترین مہارتوں کے حامل افراد کو ویزے دیئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

کویتی حکومت کے اس اعلان کے بعد پاکستانی حکومت کی جانب سے کویتی حکام سے رابطے شروع کر دیئے گئے ہیں تاکہ پاکستان سے بڑی تعداد میں پیشہ ور افراد اور اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد کو کویت بھجوایا جائے۔ اسی سلسلے میں کویت میں تعینات پاکستانی سفیر سید سجاد حیدر نے کویتی میں پاور اتھارٹی کے سربراہ احمد الموسیٰ سے ملاقات کی جو بہت اُمید افزا ثابت ہوئی ہے۔

پاکستانی سفیر نے مزید کہا کہ کویت سے غیر ہند مند افراد جانے کے بعد کویتی مملکت کو تجربہ کار اور ہُنر مند کارکنان کی کھیپ درکار ہے،جس کو مد نظر رکھتے ہوئے پاکستانی حکومت نے بھرپور تیاریاں کر لی ہیں۔ احمد الموسیٰ سے ملاقات کے دوران پاکستانی افراد کو کویت میں ملازمتیں دلوانے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بڑھانے پر بھی بات ہوئی۔

الموسیٰ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ان کا ادارہ اس سلسلے میں پاکستانی سفارت خانے سے رابطے میں رہے گا اور کوشش کی جائے گی کہ پاکستان سے زیادہ سے زیادہ کارکنان کو کویت میں کام کے لیے ویزے جاری کیے جائیں۔ واضح رہے کہ کویت میں اس وقت روزگار کی غرض سے ڈیڑھ لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں۔ کورونا وبا کے دوران کویت نے ہزاروں غیر قانونی اور غیر ہنر مند افراد کو ان کے وطن واپس بھجوا دیا ہے۔