یو اے ای میں مقیم ہزاروں پاکستانیوں کو قومی شناختی کارڈ کی فراہمی تاخیر کا شکار ہو گئی

10 ہزار سے زائد پاکستانی شناختی کارڈ موصول نہ ہونے پر خاصی مشکلات اور پریشانی کا شکار ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 18 جنوری 2021 11:50

یو اے ای میں مقیم ہزاروں پاکستانیوں کو قومی شناختی کارڈ کی فراہمی تاخیر ..
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18 جنوری2021ء) متحدہ عرب امارات میں روزگار کے سلسلے میں 16 لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں، جنہیں ویزہ معاملات، ڈرائیونگ لائسنس، شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کی تجدید اور حصول کے معاملے میں پاکستانی قونصلیٹ سے رابطے کی ضرورت پیش آتی رہتی ہے۔ سب سے زیادہ معاملہ شناختی کارڈ کی تجدید کا ہوتا ہے۔ تاہم گزشتہ چند روز سے امارات میں مقیم ہزاروں پاکستانی بڑی پریشانی کا شکار ہو گئے ہیں۔

کیونکہ انہیں سفارت خانے کی جانب سے شناختی کارڈ کی ترسیل میں غیر معمولی تاخیر ہو رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق امارات میں اس وقت 10 ہزار سے زائد ایسے پاکستانی پریشانی اور مشکلات کا شکار ہیں جنہوں نے سفارت خانے اور قونصلیٹ سے شناختی کارڈ بنوانے کے لیے اپلائی کر رکھا تھا۔

(جاری ہے)

تاہم ان کے شناختی کارڈز کی ترسیل میں معمول سے کافی زیادہ وقت لگ چکا ہے۔

اس حوالے سے سفارت خانے کا موقف ہے کہ پاکستان میں تیار ہونے والے شناختی کارڈز امارات پہنچانے کی ذمہ داری ایک کوریئر کمپنی کے سپرد تھی، تاہم اس کوریئر کمپنی سے کنٹریکٹ ختم ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے ہزاروں افراد کے شناختی کارڈز امارات نہیں پہنچ پا رہے ہیں۔جونہی نیا کانٹریکٹ ہو جائے گا، شناختی کارڈز کی فوری طور پر فراہمی بھی ممکن ہو جائے گی۔

اس حوالے سے ایک پاکستانی زبیر نے بتایا کہ اس کا شناختی کارڈ بھی موصول نہیں ہو رہا۔ جس کی وجہ سے اس کا ویزے کی مُدت میں توسیع کروانے کا معاملہ بھی تاخیر کا شکار ہو گیا ہے۔ اس جیسے ہزاروں پاکستانی اس وقت ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں۔ حکام کو چاہیے کہ فوری طور پر اس معاملے میں فیصلہ لیا جائے ۔ شناختی کارڈ کے نہ ہونے سے ویزوں کی مُدت میں توسیع نہیں ہو پاتی، جس کے باعث ملازمت کا سلسلہ جاری رکھنے میں بھی مشکلات پیش آتی ہیں۔ پاکستانی کورونا وبا کی وجہ سے پیدا ہونے والے حالات میں پہلے ہی بہت پریشان ہیں۔ اس معاملے میں حکومت پاکستان کو نوٹس لے کر ہزاروں افراد کی پریشانی کا فوری ازالہ کرنا ہو گا۔