پاکستان تحریک انصاف نے غیر ملکی فنڈنگ لی

پاکستان تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے دعویٰ کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 18 جنوری 2021 12:48

پاکستان تحریک انصاف نے غیر ملکی فنڈنگ لی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 جنوری 2021ء) : پاکستان تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے دعویٰ کیا کہ پاکستان تحریک انصاف نے غیر ملکی فنڈنگ لی۔ انہوں نے کہا کہ میں یہ وضاحت کرنا چاہتا ہوں کہ پاکستان تحریک انصاف نے ابھی جو تازہ ترین تفصیلات جمع کروائی ہیں، جس میں فنڈنگ کی بات ہوئی ہے وہ امریکہ کی فنڈنگ کی بات ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر امریکہ سے کوئی فنڈنگ ہوئی ہے تو اُس کے ذمہ دار ایجنٹس ہیں۔

پوری پارٹی کو کس طرح اس کا ذمہ دار ٹھہرایا جا سکتا ہے۔ اکبر ایس بابر نے کہا کہ میں یہ وضاحت کرنا چاہتا ہوں کہ یہ ایجنٹس نہیں دو کمپنیاں ہیں۔ پی ٹی آئی امریکہ این اے ایل ایل سی 5975 اور پی ٹی آئی این اے ایل ایل سی 6160، یہ دو کمپنیاں امریکہ میں عمران خان کے تحریری احکامات کے مطابق وہاں رجسٹر ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

ان کمپنیوں کے باقاعدہ بورڈ آف ڈائریکٹرز ہیں، ان کمپنیوں کے باقاعدہ قوانین اور اکاؤنٹس ہیں۔

اور ان کمپنیوں کا جو مرکزی دفتر ہے وہ پی ٹی آئی کا اسلام آباد کا سینٹرل آفس ہے۔ یہ دو اشخاص نہیں ہے بلکہ دوکمپنیاں ہیں جن کا پورا ریکارڈ پی ٹی آئی کے سینٹرل آفس اسلام آباد میں موجود ہے۔ ان کمپنیوں نے جو غیر قانونی پیسہ اکٹھا کیا وہ یہاں پر اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے اکاؤنٹس میں موجود ہے جس کی نشاندہی بھی ہو چکی ہے۔ لہٰذا یہ کہنا کہ یہ دو ایجنٹس ہیں ، تو یہ غلط ہے۔

اکبر ایس بابر نے کہا کہ یہ بھی قابل غور بات ہے کہ انہوں نے پہلی مرتبہ غیر قانونی فنڈنگ کا اعتراف کر لیا ہے، پہلے تو یہ کہتے تھے کہ پی ٹی آئی کی کسی قسم کی کوئی غیر قانونی فنڈنگ نہیں ہوئی۔ میں نے پہلے دن سے ہی اس فنڈنگ کی نشاندہی کی تھی لیکن انہوں نے ماننے سے انکار کیا ، لیکن اب چونکہ گھیرا تنگ ہو رہا ہے لہٰذا انہوں نے اپنی ذمہ داری ایجنٹس پر ڈال دی ہے ، پی ٹی آئی کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے مزید کیا کہا آپ بھی دیکھیں:
یاد رہے کہ گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف نے فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن میں تفصیلات جمع کروا دی تھیں جس پر وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ پی ٹی آئی نے تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کروا دی ہیں، اب اپوزیشن جماعتیں الیکشن کمیشن میں اپنی تفصیلات جمع کروائیں تاکہ عوام کو پتہ چل سکے کہ جھوٹا اور فریبی کون ہے؟ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پی ڈی ایم اسکروٹنی کمیٹی کے سامنے پیش ہو کر مطلوبہ کاغذات جمع کروائے، جلسوں اور جتھوں کے پیچھے چھپنے کے بجائے ممنوعہ فنڈنگ کا حساب دے۔