مودی سرکار اور ان کے منظور نظر میڈیا کا گٹھ جوڑ بے نقاب ہوچکا ہے، شاہ محمود قریشی

ای یوڈس انفولیب کے چشم کشا انکشافات نے بھارت کے ناپاک عزائم کی قلعی کھول دی،بھارت یکے بعد دیگرے اپنی غیرذمہ دارانہ حرکتوں کی وجہ سے بے نقاب ہورہا ہے،وزیر خارجہ کا بیان

پیر 18 جنوری 2021 13:42

مودی سرکار اور ان کے منظور نظر میڈیا کا گٹھ جوڑ بے نقاب ہوچکا ہے، شاہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2021ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بی جے پی حکومت اور ان کے منظور نظر میڈیا کا گٹھ جوڑ کھل کر سب کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے، ای یوڈس انفولیب کے چشم کشا انکشافات نے بھارت کے ناپاک عزائم کی قلعی کھول دی،بھارت یکے بعد دیگرے اپنی غیرذمہ دارانہ حرکتوں کی وجہ سے بے نقاب ہورہا ہے، یہ اپنے سیاسی مقاصد اور اپنے داخلی معاملات سے توجہ ہٹانے کیلئے پورے خطے کے امن کو تہہ و بالا کرنے پر تلے ہوئے ، بھارت ہندوتوا سوچ کے تحت بدامنی چاہتا ہے،پاکستان نے ہمیشہ مذاکرات کے ذریعے تنازعات کے حل کی بات کی لیکن بھارت نے ہمیشہ ماحول کو خراب کیا،دنیا ہمارے ڈوزیئر کو سنجیدگی سے دیکھتے ہوئے بھارت کے خلاف پیش کیے گئے ٹھوس شواہد کا جائزہ لے اور اسے ذمہ دار ٹھہرائے۔

(جاری ہے)

پیر کو اپنے ایک بیان میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پلوامہ واقعہ کے حوالے سے میرے بیانات آن ریکارڈ ہیں، ہم نے واضح کیا تھا کہ پلوامہ، بھارت کی جانب سے ایک فالس فلیگ آپریشن ہے اور اس کی آڑ میں بھارت کوئی چال چل سکتا ہے، بالآخر بھارت کی وہ سازش ہے نقاب ہو گئی۔انہوں نے کہا کہ مودی سرکار نے انتخابات جیتنے کے لیے اپنے ہی 40فوجیوں کی جان لی،یہ ان فوجیوں کی ہلاکت پر غمزدہ نہیں ہوتے بلکہ ان کے منظور نظر اینکر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ یہ مودی کی جیت کے لیے زبردست چال ثابت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ یہ اپنے سیاسی مقاصد اور اپنے داخلی معاملات سے توجہ ہٹانے کے لیے پورے خطے کے امن کو تہہ و بالا کرنے پر تلے ہوئے ہیں، تاہم ہم خطے میں امن و استحکام چاہتے ہیں جبکہ بھارت ہندوتوا سوچ کے تحت بدامنی چاہتا ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت افغانستان میں ایک اسپائلر کا کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ تاریخ شاہد ہے کہ 26فروری کو جب انہوں نے پاکستان پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی تو ہم نے تحمل کا مظاہرہ کیا اور جذبہ خیر سگالی کے تحت ان کا گرفتار پائلٹ واپس کردیا، اس کے علاوہ14 نومبر کو ہم نے بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور بھارت کی جانب سے دہشت گردوں کی پشت پناہی کے ناقابل تردید ثبوت دنیا کے سامنے رکھے، مزید یہ ای یو ڈس انفولیب کے چشم کشا انکشافات نے بھارت کے ناپاک عزائم کی قلعی کھول دی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اب پوری طرح بے نقاب ہو چکا ہے لہذا ہم چاہتے ہیں دنیا ہمارے ڈوزیئر کو سنجیدگی سے دیکھتے ہوئے بھارت کے خلاف پیش کیے گئے ٹھوس شواہد کا جائزہ لے اور اسے ذمہ دار ٹھہرائے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکا میں 20 جنوری کو نئی قیادت حکومت سنبھالنے جارہی ہے جو انسانی حقوق کی بات کرتی ہے اور مذاکرات کے ذریعے تنازعات کے حل کی حامی ہے، پاکستان نے بھی ہمیشہ مذاکرات کے ذریعے تنازعات کے حل کی بات کی لیکن بھارت نے ہمیشہ ماحول کو خراب کیا۔

انہوں نے کہا کہ پانچ اگست 2019کے یکطرفہ اور غیر آئینی اقدامات اس کا واضح ثبوت ہیں، بھارت یکے بعد دیگرے اپنی غیر ذمہ دارانہ حرکتوں کی وجہ سے بے نقاب ہو رہا ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ آج برطانوی پارلیمنٹ میں بھارت کے خلاف آوازیں آٹھ رہی ہیں اور متعدد برطانوی اراکین پارلیمنٹ کہہ رہے ہیں کہ بھارت جو کہہ رہا ہے وہ درست نہیں ہے، کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے یہ بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے 5 اگست کے یکطرفہ اقدامات سے پہلے یکم اگست کو مزید دو لاکھ فوج مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھجوائی اور بہانہ یہ بنایا کہ وہ یاتریوں کی حفاظت کے لیے بھجوا رہے ہیں، دراصل یہ تیاری اس منصوبہ بندی کا حصہ تھی جو انہوں نے پانچ اگست 2019کے اقدامات اور ان کے بعد سامنے آنے والے شدید ردعمل کو دبانے کے لیے کر رکھی تھی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت ہمارے میڈیا کی آزادی پر سوال اٹھاتا ہے مگر آج آر ایس ایس کے منشور پر گامزن، بی جے پی سرکار اور ان کے منظور نظر میڈیا کا گٹھ جوڑ کھل کر سب کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ کس طرح اہم خفیہ معلومات، قبل از وقت ایک اینکر کے پاس پہنچ سکتی ہیں کیا یہ الیکشن ماحول کو سازگار بنانے کے لیے کوئی پلانڈ لیک تھا ۔انہوں نے کہا کہ ہم ان سب نکات کو عالمی سطح پر بھرپور طریقے سے اٹھائیں گے۔