سعودی سرزمین پر راکٹ حملہ، 2 بچوں سمیت تین افراد زخمی ہو گئے

حوثیوں کی جانب سے داغا گیا راکٹ جازان کے سرحدی گاؤں میں آ گرا، ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 18 جنوری 2021 13:32

سعودی سرزمین پر راکٹ حملہ، 2 بچوں سمیت تین افراد زخمی ہو گئے
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18 جنوری2021ء) سعودی عرب پر گزشہ چند ماہ سے حوثی ملیشیا کے سرحد پار سے حملوں میں بہت اضافہ ہو گیا ہے۔ اگرچہ زیادہ تر حملوں کو ناکام بنا دیا گیا ہے تاہم ان میزائل، ڈرون اور بحری کشتیوں کے ذریعے حملے کی کوششیں لگاتار جاری ہیں۔ایک بار پھر سعودی سرزمین کو نشانہ بنایا گیا ہے جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہو گئے ہیں جن میں دو بچے بھی شامل ہیں۔

سعودی میڈیا کے مطابق یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی علاقے جازان کوملٹری پروجیکٹائل راکٹ سے نشانہ بنایا گیا ہے جس کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت تین افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ جازان ریجن کے شہری دفاع کے ڈپٹی میڈیا ترجمان لیفٹننٹ کرنل محمد بن حسن آل صمغان نے بتایا کہ یمن کی حدود سے جازان کے ایک سرحدی گاؤں کو راکٹ سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے جن میں 2 بچے شامل ہیں۔ اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی شہری دفاع کی ٹیمیں موقع پر روانہ کر دی گئی تھیں۔ جنہوں نے زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔ ایک زخمی کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ باقی دو کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ اس میزائل کے ٹکڑے لگنے سے ایک گاڑی کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل بھی سعودی سرحدی علاقے جازان پر حوثیوں کی جانب سے سرحد پار سے شدید گولہ باری کی گئی ہے۔

حوثیوں کی جانب سے داغا گیا ایک گولہ مقامی گاؤں فضا کی ایک سڑک کے کنارے آن گرا۔ جس کے شیل دُور دُور تک جا گرے۔ تاہم خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا تھا۔ جازان میں شہری دفاع کے ترجمان کرنل محمد بن یحییٰ الغامدی نے بتایاکہ اس جگہ پر لوگوں کی آبادی کچھ فاصلے پر تھی، اس وجہ سے گولے کے پھٹنے سے کوئی نقصان نہیں ہوا، ورنہ شہری آبادی کے لیے بڑا خطرہ پیدا ہو سکتا تھا۔ لغامدی کا مزید کہنا تھا کہ حوثیوں کی طرف سے کی گئی گولہ باری کا فوری اور موثر جواب دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ جازان کوماضی میں بھی کئی بار سینکڑوں بارودی مواد سے لدے ڈرونز سے بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔