اصغر حسین شاہ کا مسلم لیگ ق میں شمولیت کا اعلان

اصغر حسین شاہ بہاولنگر سے مسلم لیگ ن کے سابق ایم این اے ہیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 18 جنوری 2021 14:07

اصغر حسین شاہ کا مسلم لیگ ق میں شمولیت کا اعلان
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 جنوری 2021ء) : مسلم لیگ ن کے رہنما اصغر حسین شاہ نے مسلم لیگ ق میں شمولیت اختیار کر لی۔ تفصیلات کے مطابق اصغر حسین شاہ نے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی اور رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی سے ملاقات کی۔ اصغر حسین شاہ بہاولنگر سے مسلم لیگ ن کے سابق رکن قومی اسمبلی ہیں۔ اصغر حسین شاہ نے ملاقات کے دوران چوہدری پرویز الٰہی اور چوہدری شجاعت حسین کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔

ساتھ ہی انہوں نے مسلم لیگ ق میں شمولیت کا اعلان بھی کر دیا۔ ملاقات کے دوران مسلم لیگ ق کے رہنما اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام اور انتشار پیدا کرنے کے ماحول کو ختم ہونا چاہئیے۔ انہوں نےکہا کہ مسلم لیگ ق آئندہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔

(جاری ہے)

قومی اداروں کے حوالے سے منفی پراپیگنڈہ افسوسناک ہے۔

جس کے بعد اصغر حسین شاہ نے مسلم لیگ ن کو چھوڑ کر مسلم لیگ ق میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل قصور کے سیاسی رہنما رانا ممتاز نے بھی پاکستان مسلم لیگ ق میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔ چوہدری پرویز الہیٰ اپوزیشن کے مختلف امیدواروں سے رابطے میں تھے اور اسی سلسلے میں اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ نے قصور سے آزاد امیدوار رانا ممتاز سے ملاقات کی اور پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے پر ان کا خیر مقدم کیا۔

اس موقع پر چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ فوج غیر جانبدار ادارہ ہے ،سیاست میں ملوث نہ کیا جائے۔یہ وقت سیاست کا نہیں عوامی خدمات کا ہے۔ملک اس وقت اندرونی و بیرونی مشکلات کا شکار ہے۔ قبل ازیں جنوبی پنجاب کی معروف سیاسی شخصیت فرح منظور بلوچ رند نے بھی مسلم لیگ ق میں شمولیت اختیار کی تھی۔