سمیع اسلم کے بعد احسان عادل کا بھی امریکہ منتقل ہونے پر غور

فاسٹ بائولر احسان عادل سے امریکی کرکٹ ایسوسی ایشن کا رابطہ، حتمی فیصلے کے لیے وقت مانگ لیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 18 جنوری 2021 15:01

سمیع اسلم کے بعد احسان عادل کا بھی امریکہ منتقل ہونے پر غور
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 جنوری 2021ء ) قومی ٹیم کے اوپنر سمیع اسلم کے بعد ایک اور دلبرداشتہ کھلاڑی نے بھی پاکستانی ٹیم کے لیے کھیلنے کے مواقع نہ ملنے کے بعد امریکہ منتقل ہونے پر غور شروع کردیا ہے۔ 27 سالہ فاسٹ بائولر احسان عادل کا امریکی کرکٹ ایسوسی ایشن سے رابطہ ہوا ہے اور انہوں نے امریکہ منتقلی کا فیصلہ کرنے کے لیے وقت مانگ لیا ہے، احسان عادل کا کہنا تھا کہ انہوں نے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا لیکن پھر بھی انہیں قومی ٹیم میں مواقع نہیں مل رہے اور اگر صورتحال ایسی ہی رہی تو وہ لیگ کرکٹ کھیلنے کے لیے امریکہ منتقل ہوجائیں گے۔

واضح رہے کہ احسان عادل نے 2013ء سے 2015ء کے دوران 3 ٹیسٹ اور 5 ون ڈے مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کررکھی ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل قومی ٹیم کے اوپنر سمیع اسلم پاکستان چھوڑ کر امریکہ منتقل ہوگئے ہیں۔ سمیع اسلم کا کہنا تھا کہ انہوں نے قومی ٹیم میں واپسی کی امیدیں ختم ہوتی دیکھ کر امریکہ میں بسنے کا فیصلہ کیا، انہیں افسوس ہے کہ قومی ٹیم میں انہیں موقع نہیں مل رہا اور ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کے انبار لگانے کے باوجود ان پر دوسرے کھلاڑیوں کو ترجیح دی جارہی ہے۔

سمیع اسلم کا کہنا تھا کہ وہ بوجھل دل کے ساتھ امریکہ آئے ہیں کیوں کہ پاکستان چھوڑنے کا فیصلہ کرنا ان کے لیے آسان نہیں تھا، کرکٹ ان کی روزی روٹی ہے اور پاکستان میں انہیں اپنا کوئی مستقبل نظر نہیں آرہا تھا ، اپنا گھر بھی چلانا تھا، امید ہے کہ امریکہ میں اپنا مستقبل سیٹ کرنے میں کامیاب ہوجائوں گا۔ سمیع اسلم کا یو ایس اے کرکٹ بورڈ سے 3 سال کا کنٹریکٹ ہوا ہے اور سالانہ 1 لاکھ ڈالر(تقریبا ایک کروڑ 60 لاکھ پاکستانی روپے)، گھر اور گاڑی کنٹریکٹ میں شامل ہے۔

واضح رہے کہ سمیع اسلم 2012ء کے انڈر 19 ورلڈ کپ میں بابراعظم کی قیادت میں کھیلے تھے اور 2014ء کےانڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی قیادت بھی کی ۔ 24 سالہ سمیع اسلم نے 13 ٹیسٹ اور 4 ون ڈے میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی ، وہ دورہ انگلینڈ اور پھر نیوزی لینڈ کے 35 رکنی سکواڈ میں جگہ نہ بنا پانے کے باعث دلبرداشتہ ہوئے، سمیع اسلم نے رواں سال قائداعظم ٹرافی کے 3 رائونڈز میں بھی شرکت کی جب کہ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے لیے بلوچستان سیکنڈ الیون میں سلیکشن پر ٹورنامنٹ سے دستبردار ہوگئے تھے۔