بھارتی پوری تاریخ جھوٹ، فریب اور مکر سے بھری پڑی ہے ،پردہ آہستہ آہستہ چاک ہو رہا ہے ،سردار مسعود خان

منہ میں رام رام اور بغل میں چھری کا اصل مطلب اگر سمجھنا ہو تو دنیا نریندر مودی ، امیت شاہ اور راج ناتھ سنگھ جیسے لیڈروں کو دیکھ لے جو ہمسائے کو بدنام کرنے کے لئے اپنی ہی فوج کے جوانوں کو بلی چڑھانے سے نہیں چوکتے،صدر آزاد جموں وکشمیر

پیر 18 جنوری 2021 15:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2021ء) آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت کی پوری تاریخ جھوٹ، فریب اور مکر سے بھری پڑی ہے جس کا پردہ اب آہستہ آہستہ چاک ہو رہا ہے اور دنیا کے سامنے اس کی اب اصل حقیقت کھل کر سامنے آرہی ہے۔ منہ میں رام رام اور بغل میں چھری کا اصل مطلب اگر سمجھنا ہو تو دنیا نریندر مودی ، امیت شاہ اور راج ناتھ سنگھ جیسے لیڈروں کو دیکھ لے جو ہمسائے کو بدنام کرنے کے لئے اپنی ہی فوج کے جوانوں کو بلی چڑھانے سے نہیں چوکتے۔

بھارت نے پلوامہ کا جو ڈرامہ رچایا تھا اُس کو مودی حکومت کے اپنے ہی پروردہ ایک صحافی نے طشت از بام کر کے ساری حقیقت دنیا کے سامنے رکھ دی ہے۔ بھارتی صحافی اور ٹی وی اینکر ارناب گوسوامی کی حالیہ واٹس اپ چیٹ کے لیک ہونے پر تبصرہ کرتے ہوئے صدر آزادکشمیر نے کہا کہ بھارتی حکمرانوں کی پاکستان کے خلاف سازشوں اور فالس فلیگ آپریشن کی تاریخ 1971سے شروع ہو کر نصف صدی پر محیط ہے جس میں 1971میں گنگا ہائی جیکنگ کی آڑ میں بھارتی فضائی حدود استعمال کرنے سے پاکستان کو روکنا اور چٹھی سنگھ پورہ میں 35سکھوں کو قتل کر کے اُس کا الزام پاکستان پر دھرنااور کبھی پٹھان کوٹ اور اُوڑی جیسے ڈرامے رچا کر دنیا کو دھوکہ دینا جیسی درجنوں مثالوں میں سے چند مثالیں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمرانوں نے ان واقعات کی آڑ میں پاکستان کے خلاف الزام تراشی تو ضرور کی لیکن کبھی کسی عدالت یا تحقیقاتی کمیشن کے ذریعے ان الزامات کو ثابت نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سمجھوتہ ایکسپریس حملے اور پلوامہ بالاکوٹ حملے کے حوالے سے اب ارناب گوسوامی کی واٹس اپ گفتگو سے یہ ثابت ہو گیا ہے کہ یہ تمام ڈرامے بھارتی حکومت نے پاکستان کو بدنام کرنے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور اپنے اندرونی مسائل سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لئے خود رچا کر اُن کا الزام پاکستان پر تھوپ دیا تھا جو بعد میں جھوٹ پا پلندہ ثابت ہوا ہے۔

صدر آزادکشمیر نے عالمی میڈیا سے اپیل کی کہ وہ ماضی میں ہونے والے ان تمام بڑے واقعات جن میں سینکڑوں انسانی جانیں ضائع ہوئیں کہ تحقیقات کر کے بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کریں۔ صدر سردار مسعود خان نے امریکی اخبار بیسٹ کی ایک تازہ ترین رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اخبار نے گزشتہ سال جولائی میں مقبوضہ کشمیر کے ضلع شوپیاں میں اور ابھی حال ہی میں سرینگر میں ایک جعلی مقابلے میں جن تین نوجوانوں کو دہشت گرد قرار دے کر قتل کیا تھا وہ دراصل معصوم اور بے گناہ شہری تھے جن کا عسکریت کے ساتھ کوئی تعلق نہیں تھا۔

اخبار نے یہ بھی لکھا ہے کہ جب سے بھارت میں نریندر مودی کی قیادت میں بی جے پی کی حکومت بر سراقتدار آئی ہے مقبوضہ جموں وکشمیر میں جعلی مقابلوں کے ذریعے بے گناہ شہریوں اور نوجوانوں کے قتل کے واقعات میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے۔