حلقہ تین سٹی میں عوام کی خواہشات کے مطابق ٹکٹ کا حقدار ہوں،راجہ بشارت افضل

دیرانہ کارکنوں کے جذبات سے بخوبی واقف ہونے کیساتھ حلقہ تین سٹی کی عوام کیلئے محنتیں اور کوششیں شامل ہیں، صدر پیپلز پارٹی مظفر آباد سٹی

پیر 18 جنوری 2021 15:35

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2021ء) پیپلزپارٹی سٹی مظفرآباد کے صدر راجہ بشارت افضل نے کہا کہ حلقہ تین سٹی میں عوام کی خواہشات کے مطابق ٹکٹ کا حقدار ہوں،اپنے دیرانہ کارکنوں کے جذبات سے بخوبی واقف ہونے کے ساتھ ساتھ حلقہ تین سٹی کی عوام کیلئے محنتیں اور کوششیں شامل ہیں،دوستوں اور پارٹی قیادت کی مشاورت کے بعد ٹکٹ پر حق میرا بنتا ہے ،1980ء سے پیپلزپارٹی کے ساتھ وابستہ ہوں،متعدد بار لاٹھی چارج ،آنسو گیس ،قید و بند کی صعوبتیں بھی برداشت کی،پی ایس ایف کی صدارت کیلئے بھی الیکشن لڑا مگر آج تک پیپلزپارٹی میں ایک کارکن کی حیثیت سے کام کیا اور جدوجہد جاری رکھی۔

اُنہوں نے کہا کہ حلقہ تین سٹی کی عوام کی خواہشات کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹکٹ کا حق میرا بنتاہے ،اب پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے دیکھتے ہیں کہ وہ کیا فیصلہ کریں گے،سٹی میں جتنے بھی دوست ٹکٹ کے امیدوار ہیں اُن کے ساتھ مشاورت ،اتفاق اور پارٹی کے فیصلے کو سامنے رکھتے ہوئے وہ جو فیصلہ بھی کریں گے مجھے قبول ہوگا۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے دوسری جماعتوں کی جانب سے بڑی بڑی آفرز ملی مگر میں نے پیپلزپارٹی کے ساتھ ہی اپنی جدوجہد جاری رکھنا اور جینا مرنا برقرار رکھنا ضروری سمجھا ۔اُنہوں نے کہا کہ اِسی لئے پیپلزپارٹی کے ساتھ آج بھی کھڑا ہو۔