عدالت نے میشا شفیع کے کیس میں علی گُل پیر کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئے

عدالت نے میشا شفیع کے خلاف چالان مکمل نہ ہونے پر برہمی کا اظہار بھی کیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 18 جنوری 2021 17:20

عدالت نے میشا شفیع کے کیس میں علی گُل پیر کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئے
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 جنوری 2021ء) : علی ظفر کی سوشل میڈیا پر کردارکشی پر گلوکارہ میشا شفیع اور دیگر کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ ذوالفقار باری نے کیس پر سماعت کی۔ دوران سماعت عدالت نے میشا شفیع کے خلاف چالان مکمل نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا اور اداکارہ کے ساتھی علی گل پیر کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ عدالت نے میشا شفیع کے خلاف چالان مکمل نہ ہونے پر برہمی کا بھی اظہار کیا۔

عدالت نے تفتیشی افسر ایف آئی اے سے سوال کیا کہ میشا شفیع کے خلاف چالان کیوں نہیں پیش کیا گیا؟ تفتیشی افسرایف آئی اے نے جواب دیا کہ میشا شفیع ملک سے باہر ہیں شامل تفتیش نہیں ہوسکیں، میشا شفیع کی حد تک چالان عدالت میں اس لیے پیش نہیں کرسکے۔ عدالت نے حکم دیا کہ میشا شفیع کے خلاف چالان فوری مکمل کیا جائے۔

(جاری ہے)

مقدمے میں نامزدملزمان عفت عمر، لیناغنی اور فریحہ ایوب عدالت میں پیش ہوئیں۔

چالان کے مطابق عفت عمر، لیناغنی، فریحہ ایوب، علی گل اور حسین الزمان ملزمان ہیں، ملزمان نے سائل کے خلاف سوشل میڈیا پر ہتک آمیز پوسٹیں لگائیں۔ ملزمان فریحہ ایوب، حسین الزمان اور سیدفیضان نے مستقل حاضری معافی کی درخواست دائر کردی بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 9 فروری تک ملتوی کر دی۔ خیال رہے کہ 18 اپریل 2018ء کو میشا شفیع نے اپنی ایک ٹویٹ میں گلوکار اور اداکار علی ظفر پر انہیں جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

یہ پوسٹ اس وقت کی گئی جب دنیا بھر میں ''می ٹو'' کی مہم اپنے عروج پر تھی جس کے تحت خواتین خود کو مبینہ طور پر جنسی ہراساں کرنے والے افراد کے خلاف آواز اٹھا رہی تھیں۔ جبکہ گذشتہ ہفتے بھی ایک خاتون لینا غنی کی جانب سے علی ظفر کے خلاف دعویٰ دائر کیا گیا تھا۔