بھٹو خاندان کے سیاسی اختلافات بختاور بھٹو کی شادی پر بھی حل نہ ہو سکے

ذوالفقار علی بھٹو کی بہو غنوی بھٹو اور اہلخانہ کو خوشی کے پر مسرت موقع پر شرکت کا دعوت نامہ نہ مل سکا

پیر 18 جنوری 2021 19:08

بھٹو خاندان کے سیاسی اختلافات بختاور بھٹو کی شادی پر بھی حل نہ ہو سکے
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2021ء) بھٹو خاندان کے سیاسی اختلافات بختاور بھٹو کی شادی پر بھی حل نہ ہو سکے ذوالفقار علی بھٹو کی بہو غنوی بھٹو اور ان کے اہلخانہ کو خوشی کے پر مسرت موقع پر شرکت کا دعوت نامہ نہ مل سکا پیپلز پارٹی شہید بھٹو کی چیئر مین پرسن کاتقریب میں شرکت نہ کرنے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری اورمرتضی بھٹو کی بیوہ غنوی بھٹو کے مابین گذشتہ کئی دہائیوں سے سخت اختلافات پائے جاتے ہیں جس کے تحت دونوں خاندان ایک دوسرے کی تقریبات میں شرکت کو غیر ضروری قرار دیتے ہیں۔

اس ضمن میں رواں ماہ بے نظیر بھٹو کی صاحبزادی بختاور بھٹو کی شادی کے موقع پر بھٹو خاندان کے سیاسی چشم و چراغ غنوی بھٹو انکے بیٹے ذوالفقار جونیئر اور بیٹی فاطمہ بھٹو کو مدعو نہیں کیا جا سکا ہے جس کے تحت انکی کراچی میں میں بھٹو خاندان کی بڑی تقریب میں عدم شرکت متوقع ہے جبکہ مرتضی بھٹو کے اہلخانہ کی گذشتہ ماہ بختاور بھٹو کی منگنی میں شرکت بھی غائبانہ دکھائی دی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے دعوی کیا کہ دونوں خاندان کے مابین اختلافات بڑھنے کی بنیادی وجہ چند سالوں قبل فاطمہ بھٹو کی لکھی گئی کتاب لہو اور تلوار کے گیت بتائی جاتی ہے جس میں ان کی جانب سے بے نظیر بھٹو اور آصف زرداری سے متعلق اہم انکشافات کیے گئے ہیں۔واضح رہے بختاور بھٹو اور محمود چوہدری کی شادی کی تقریبات کا آغاز 27 جنوری 2021 کو مہندی کی رسم سے ہوگا جبکہ نکاح کی تقریب 29 جنوری اور ولیمہ کی تقریب 30 جنوری 2021 کو منعقد کی جائے گی -حالیہ دنوں فاطمہ بھٹو کی سیاست میں انٹری کے چرچے بھی زیر گردش ہیں جس کے تحت آئندہ چند روز میں انہیں پیپلزپارٹی شہید بھٹو کی قیادت سونپے جانے کا بھی اندیشہ ہے