شوگر سکینڈل میں جہانگیر ترین کیخلاف کارروائی نہیں ہوئی، شازیہ مری

اندازہ نہیں تھا یہ اتنی نااہل حکومت ثابت ہوگی، وفاقی کابینہ کے اجلاسوں میں ہونیوالی ڈرامے بازی سب کے سامنے ہے، ملک کو آرڈیننس فیکٹری بنادیا گیا ہے،حکومت کی طرف سے طیارے کے واجبات ادا نہ کرنا شرمناک ہے،بیان

پیر 18 جنوری 2021 19:35

شوگر سکینڈل میں جہانگیر ترین کیخلاف کارروائی نہیں ہوئی، شازیہ مری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے کہا ہے کہ شوگر سکینڈل میں جہانگیر ترین کے خلاف اب تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی،ہمیں اندازہ نہیں تھا یہ اتنی نااہل حکومت ثابت ہوگی، وفاقی کابینہ کے اجلاسوں میں جو ڈرامے بازی ہوتی ہے وہ بھی سب کے سامنے ہے، ملک کو آرڈیننس فیکٹری بنادیا گیا ہے،حکومت کی طرف سے طیارے کے واجبات ادا نہ کرنا شرمناک ہے۔

اپنے ایک بیان میں رہنما پیپلز پارٹی شازیہ مری نے کہا کہ ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ یہ اتنی نااہل حکومت ثابت ہوگی، وفاقی کابینہ کے اجلاسوں میں جو ڈرامے بازی ہوتی ہے وہ بھی سب کے سامنے ہے۔انہوں نے کہا کہ خطے کی تاریخ کا سب سے مہنگا پروجیکٹ بی آر ٹی منصوبہ ہے، پاکستان اسٹیل مل کے ملازمین دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر ہوا بازی کے ہوائی بیانات نے دنیا میں پاکستان کا تماشہ بنایا، ملائیشیا میں مسافروں سمیت طیارہ قبضے میں لے لیاگیا، موجودہ حکومت دنیا بھر میں پاکستان کی جگ ہنسائی کا سبب بنی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے مافیاز کے ساتھ مل کر ملک کو لوٹا ہے، پی ڈی ایم صرف اپوزیشن جماعتوں کی نہیں بلکہ عوام کی بھی تحریک ہے۔شازیہ مری نے کہا کہ یہ جھوٹی اور فراڈ حکومت ہے،ملک میں اب گیس کا بحران ہے،کراچی سمیت سندھ بھرمیں گیس کی قلت ہے، حکومت کوپارلیمنٹ پر اعتبار نہیں ہے۔انہوں نے کہا ملک کو آرڈیننس فیکٹری بنادیا گیا ہے۔