فواد چوہدری، علی زیدی، عامر لیاقت ،خالد مقبول صدیقی سمیت 154 اراکین اسمبلی کی رکنیت معطل

پیر 18 جنوری 2021 19:46

فواد چوہدری، علی زیدی، عامر لیاقت ،خالد مقبول صدیقی سمیت 154 اراکین ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2021ء) الیکشن کمیشن نے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کروانے پروفاقی وزیر فواد چوہدری، علی زیدی، عامر لیاقت اور خالد مقبول صدیقی سمیت 154 اراکین اسمبلی کی رکنیت معطل کر دی۔الیکشن کمیشن نے سینیٹ کے 3، قومی اسمبلی کے 48، پنجاب اسمبلی کے 52 اراکین ،سندھ اسمبلی کے 19، کے پی اسمبلی کے 26 اور بلوچستان اسمبلی کے 6 اراکین کی رکنیت معطل ہے۔

(جاری ہے)

جن اراکین کی رکنیت معطل ہوئی ہے ان میں وفاقی وزیر فواد چوہدری ،معاون خصوصی علی نواز اعوان ،وزیر مملکت شبیر قریشی ،وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا ،علی زیدی ،3 سینیٹرز مصدق ملک، کامران مائیکل اور شمیم آفریدی ،سندھ اسمبلی سے تیمور تالپور ،امداد پتافی ، بلوچستان اسمبلی سے سردار یار محمد رند اور اختر لانگو ودیگر شامل ہیں۔الیکشن کمیشن نے فیصلے سے سینیٹ، قومی و صوبائی اسمبلیوں کے سپیکرز کو آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ معطل ارکان ایوان کی کارروائی میں حصہ نہیں لے سکتے اور گوشوارے جمع کروانے تک رکنیت معطل رہے گی۔