ارناب گوسوامی اور بے اے آر سی سربراہ کی چیٹ نے ایک بارپھر بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کر دیا‘فیاض الحسن چوہان

بھارت کی بے بنیاد پاکستان دشمنی اس خطے سمیت تمام دنیا کیلئے خطرہ ہے،عالمی برادریبھارتی بیانیے کا سختی سے نوٹس لے‘صوبائی وزیر

پیر 18 جنوری 2021 19:55

ارناب گوسوامی اور بے اے آر سی سربراہ کی چیٹ نے ایک بارپھر بھارت کا مکروہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2021ء) صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ارناب گوسوامی اور بے اے آر سی سربراہ کی چیٹ نے ایک دفعہ پھر بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کر دیا۔تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ انڈین اسٹیبلشمنٹ، فوج اور را فالس فلیگ آپریشنز کر کے پاک فوج، آئی ایس آئی پر الزام تراشی کرتی ہے، حقیقت میں پاکستان کے خلاف بھارت کے تمام دعوے جھوٹ اور بدنیتی پر مبنی ہیں۔

بھارتی سپریم کورٹ نے کرنل پروہت اور آر ایس ایس لیڈر سوامی آنند کو سمجھوتہ ایکسپریس واقعے کا ذمہ دار قرار دیا، انڈین نیشنل انویسٹیگیشن ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں پٹھان کوٹ واقعے میں پاکستانی کردار کی تردید کی۔

(جاری ہے)

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ 2014 میں کانگریس کے سابق وزیر سلمان خورشید نے اسی نوعیت کی پریس کانفرنس کی انہوں نے بتایا کہ بھارت میں دہشتگردی میں ہمیشہ بی جے پی، آر ایس ایس اور ملٹری اسٹیبلشمنٹ ملوث ہوتی ہے، اب ارناب گوسوامی اور بے اے آر سی سربراہ کی چیٹ کے بے نقاب ہونے سے بھارت کے جھوٹ پر مہر ثبت ہو گئی۔

بھارت کی بے بنیاد پاکستان دشمنی اس خطے سمیت تمام دنیا کے لیے خطرہ ہے۔ عالمی برادری، بالخصوص سلامتی کونسل مکر و فریب پر مشتمل اس بھارتی بیانیے کا سختی سے نوٹس لے۔