ایف آئی اے کی علی ظفر کیخلاف سوشل میڈیا مہم کا حتمی چالان پیش کرنے کیلئے عدالت سے مہلت طلب کر لی

علی گل پیر کے پیش نہ ہونے پروارنٹ گرفتاری جاری ، عدالت نے مزید سماعت 9فروری تک ملتوی کر دی

پیر 18 جنوری 2021 19:55

ایف آئی اے کی علی ظفر کیخلاف سوشل میڈیا مہم کا حتمی چالان پیش کرنے کیلئے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2021ء) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے )نے عدالت سے گلوکار علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا پر چلنے والی جھوٹی مہم کا حتمی چالان پیش کرنے کے لیے عدالت سے مہلت طلب کر لی۔جوڈیشل مجسٹریٹ ذوالفقار باری نے کیس کی سماعت کی جہاں ایف آئی اے کے وکلا ء سمیت ملزمان اور علی ظفر کے وکیل بھی پیش ہوئے ۔

دوران سماعت لینا غنی،عفت عمر ،فریحہ ایوب ،سید فیضان رضا اور حسیمس زمان عدالت میں پیش ہوئے جبکہ علی گل پیر پیش نہ ہوئے جس پر عدالت نے ان کے وارنٹ جاری کر دئیے۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران میشا شفیع بھی پیش نہ ہوئیںاور ان کے وکلا ء نے عدالت کو بتایا کہ گلوکارہ بیرون ملک ہیں اس لیے انہیں حاضری سے استثنیٰ دیا جائے ۔ایف آئی اے کی جانب سے عدالت میں حتمی عبوری چالان پیش کیا جانا تھا جس کے تحت ہی ملزمان کے خلاف کارروائی ہونی تھی تاہم ایف آئی اے نے تمام ملزمان کے خلاف حتمی عبوری چالان پیش کرنے کے لیے عدالت سے مزید مہلت طلب کی ۔

سماعت میں علی گل پیر کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے ان کی پیشی کے لیے دوبارہ سمن جاری کر دئیے۔عدالت نے ایف آئی اے کو مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت آئندہ ماہ 9 فروری تک ملتوی کردی۔