گورنرمحمد سرور نے پنجاب آب پاک اتھارٹی کے 161ملین روپے کے پہلے پراجیکٹ کا چک جھمرہ میں سنگ بنیاد رکھ دیا

اگر پتہ چلا کہ پنجاب آب پاک اتھارٹی کے کسی فردنے کسی سے کمیشن لیا یا کسی کو کمیشن دیا تو اس کونشانہ عبرت بنادیں گے‘گورنرپنجاب عوا م کے ٹیکس کے پیسے کی حفاظت کر یں گے‘عوام کے ٹیکس کے پیسے سے اپنی جیبیں بھر نے والے ملک وقوم کے مجر م ہوتے ہیں‘تقریب سے خطاب

پیر 18 جنوری 2021 20:38

گورنرمحمد سرور نے پنجاب آب پاک اتھارٹی کے 161ملین روپے کے پہلے پراجیکٹ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2021ء) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے پنجاب آب پاک اتھارٹی کے 161ملین روپے کے پہلے پراجیکٹ کا چک جھمرہ میں سنگ بنیاد رکھ دیا۔16دیہاتوں کے 57ہزار سے زائد افراد کو روزانہ پینے کا صاف میسر آئے گاجبکہ گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے تقر یب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر مجھے پتہ چلا کہ پنجاب آب پاک اتھارٹی کے کسی فردنے کسی سے کمیشن لیا یا کسی کو کمیشن دیا تو اس کونشانہ عبرت بنادیں گے ،عوا م کے ٹیکس کے پیسے کی حفاظت کر یں گے ۔

عوام کے ٹیکس کے پیسے سے اپنی جیبیں بھر نے والے ملک وقوم کے مجر م ہوتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق سوموار کے روز گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے چک جھمرہ میں پنجاب آب پاک اتھارٹی کے پہلے پینے کے صاف پانی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب میں صوبائی وزراء اجمل چیمہ ،خیال احمد کاسترو،ایم این اے چوہدری زاہد نذیر ،اراکین قومی وصوبائی اسمبلی ،چیف ایگز یکٹو پنجاب آب پاک اتھارٹی زاہد عزیر،چیئر مین پنجاب آب پاک اتھارٹی ڈاکٹر شکیل سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ خدا کا شکر اداکر تاہوں کہ مًیں نے گور نر پنجاب بننے کے بعد جو خواب دیکھا آج وہ پوراہونے جا رہا ہے،مُیں پنجاب کے عوام کوپینے کے صاف پانی کی فراہمی کی ذمہ داری دینے پر وزیر اعظم عمران خان کا بھی شکر یہ ادا کرتاہوں۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیرا علی پنجاب سردار عثمان بزدار ،وزیر ہائوسنگ میاں محمود الرشید اوروزیر قانون راجہ محمد بشارت کے تعاون سے پنجاب اسمبلی سے قانون سازی کروانے میں اہم کردار ادا کرنے والے سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی اور قانون سازی کا حصہ بننے والے تمام اراکین اسمبلی کا بھی شکر یہ اداکرتاہوں۔

اُنہوںنے کا کہ ہم نے 161ملین روپے سے زائد کی لاگت سے شروع ہونیوالے اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے مگر ہمیں ابھی بہت محنت اور کام کر نے کی ضرورت ہے جسکے لیے پنجاب آب پاک اتھارٹی کے ایک ایک فرد کو ملکر ایماندار ی کے ساتھ اپنی ذمہ داری پوری کرنا ہوگی۔چوہدری محمدسرور نے کہا کہ آپ سب جانتے ہیں کہ مُیں ہمیشہ بغیر کسی خوف کے سچ بولتا ہوں اور آئندہ بھی بولتا رہوں گا ۔

اُنہوں نے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ اگر پنجاب کی بیوروکر یسی میںشامل کچھ لوگ ہماری راہ میں رکاوٹیں نہ ڈالتے توجس منصوبے کا افتتاح میں آج کر رہاہوں یہ ایک ڈیڑھ سال پہلے ہی شروع ہو جاتا ہے مگر ہم ماضی کو بھول کر اب آگے بڑھنا چاہتے ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ میری ذمہ داری ہے کہ میں نے پنجاب کے عوام کو پینے کا صاف پانی دینا ہے تو پھر جو بھی اس میں رکاوٹ آئے گی اسکے بارے میں بھی عوام کو بتانا میری ذمہ داری ہے۔

گور نر نے کہا کہ پرویز مشرف سے لیکر(ن) لیگ سمیت دیگر حکومتوں کے دور میں عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی پر اربوں روپے خرچ ہوئے مگر دور بین سے بھی ان کا فلٹر یشن پلانٹس کا کوئی منصوبہ کامیابی سے چلتا کہیں نظر نہیں آتا۔ اُنہوں نے کہا کہ سب کچھ کر پشن اور لوٹ مارکی نظر ہوتا رہا ہے ،پنجاب آب پاک اتھارٹی میں بھی اربوں روپے کے فنڈز ہوں گے مگر میں قوم کو یقین دلاتاہوں کہ کسی بھی منصوبے میں کسی کو کمیشن لینے اور دینے نہیں دوں گا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ خدا کو گواہ بنا کر کہتاہوں کہ پنجاب آب پاک اتھارٹی میں عوام کے ایک ایک پیسے کا تحفظ ہوگا اور شفافیت کو100فیصد یقینی بنانے کیلئے ہر منصوبے کے بارے میں تمام معلومات ہماری ویب سائٹ پر موجود ہوگی تاکہ کوئی بھی شخص کسی بھی وقت اس کو دیکھ سکے۔ اُنہوں نے کہا کہ انشاء اللہ ہم پنجاب آب پاک اتھارٹی کو ایسا ادارہ بنائیں گے کہ آنیوالی کوئی بھی حکومت اس کو چاہتے ہوئے بھی ختم نہیں کر سکے گی۔

اُنہوں نے کہا کہ ہم ایک ایسا نیٹ ورک تر تیب دیں گے جس سے ہم جو منصوبے شروع کر رہے ہیں وہ بغیر کسی رکاوٹ کے کام کرتے رہیں گے۔چوہدری محمد سرور نے مزید کہا کہ مًیں یہ بھی بتانا چاہتاہوں کہ یہ نہیں ہوگا کہ ہم صرف پاکستان تحر یک انصاف کے لوگوں کے جیتے ہوئے حلقوں میں ہی فلٹر یشن پلانٹس لگائیں گے ہم ان حلقوں میں بھی فلٹر یشن پلانٹس سمیت پینے کے صاف پانی کے منصوبے لگائیں گے جہاں اپوزیشن جماعتوں کے لوگ کامیاب ہوئے ہیں۔ اس موقعہ پر چیئر مین پنجاب آب پاک اتھارٹی زاہد عزیر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔