چیئرمین یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن برطرف، کارپوریشن کا بورڈ بھی تحلیل کردیا گیا

وزارت صنعت وپیداوار کے تحت انکوائری پر چیئرمین کو ہٹایا گیا، سیکریٹری صنعت افضل لطیف کو3 ماہ کیلئےچیئرمین مقرر

Shehryar Abbasi شہریار عباسی پیر 18 جنوری 2021 20:23

چیئرمین یوٹیلیٹی اسٹورز  کارپوریشن برطرف، کارپوریشن کا بورڈ بھی تحلیل ..
کراچی (اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18جنوری 2021ء) حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز کو عہدے سے برطرف کردیا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت صنعت وپیداوار کے تحت انکوائری پر چیئرمین یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن ذوالقرنین علی خان کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے، ذوالقرنین علی خان کیخلاف انکوائری مکمل ہونے پر کارروائی کی گئی ہے ۔

چیئرمین ذوالقرنین علی خان پر اختیارات کے غلط استعمال سمیت 5خلاف ورزیاں ثابت ہوئیں۔ چیئرمین کی برطرفی کے بعد سیکریٹری صنعت افضل لطیف کو 3 ماہ کیلئے چیئرمین کا اختیار دے دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کا بورڈ آف ڈائریکٹرز بھی تحلیل کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

بورڈ تحلیل کرنے کے بعد نئے بورڈ کے قیام کا بھی نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے ۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 6 ارکان پر مشتمل نیا بورڈ آف ڈائریکٹرز فوری قائم کر دیا گیا، نئےبورڈ میں وزارت صنعت کےسیکرٹری اورجوائنٹ سیکرٹری، جوائنٹ سیکرٹری فنانس،ڈی جی بی آئی ایس پی، ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹورز اور ڈی جی ایف آئی اے شامل ہیں۔ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ نیا بورڈ آف ڈائریکٹرز 3 ماہ کیلئے یا نئےچیئرمین کے تقرر تک ہوگا۔ چیئرمین یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کیخلاف وزارت صنعت و تجارت کی جانب سے انکوائری چل رہی تھی، انکوائری مکمل ہونے پر چیئرمین کو برطرف کردیا گیا ہے جبکہ اس کے ساتھ ہی کارپوریشن کا پرانا بورڈ بھی تحلیل کردیا گیا ہے۔

وفاقی حکومت نے انکوائری کمیٹی کی سفارش پر ذوالقرنین علی خان کو برطرف کیا ہے، ذوالقرنین علی خان پر اختیارات کے غلط استعمال سمیت 5خلاف ورزیاں ثابت ہوئیں۔