نواز شریف کی ’خدمت‘کے نام پر کی گئی چوری کی سزا قوم بھگت رہی ہے، ڈاکٹر شہباز گل

نااہل لیگ اب خدمت ،خادم اعلیٰ کے کھوکھلے نعروں کے پیچھے نہیں چھپ سکتی، پیپلزپارٹی کے سندھ میں کرپشن کے قصے دنیا بھر میں مشہور ہورہے ہیں جس کی وجہ سے سندھ کی عوام بنیادی سہولیات سے محرو ہے۔ پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے لوٹ مار کی سیاست کی ہے، معاون خصوصی

پیر 18 جنوری 2021 23:21

نواز شریف کی ’خدمت‘کے نام پر کی گئی چوری کی سزا قوم بھگت رہی ہے، ڈاکٹر ..
اسلا م آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2021ء) معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا ہے کہ نواز شریف کی ’’خدمت‘‘کے نام پر کی گئی چوری کی سزا قوم آج بھگت رہی ہے، نااہل لیگ اب خدمت اور خادم اعلیٰ کے کھوکھلے نعروں کے پیچھے نہیں چھپ سکتی، پیپلزپارٹی کے سندھ میں کرپشن کے قصے دنیا بھر میں مشہور ہورہے ہیں ۔

ایک بیان میں شہباز گل نے کہا کہ چھوٹے میاں کرپشن میں بڑے میاں سے بھی بڑے ہیں، 10 سالوں میں خادم اعلیٰ کے اثاثے 85 فیصد بڑھنا ان کی اصل کارکردگی ہے، سیلاب زدگان کے فنڈز، سستی روٹی اور لیپ ٹاپ سکیموں کے کک بیکس انکی کارکردگی کا بیان ہے،ان کک بیکس کی بدولت ہے انکے اثاثوں میں جادوئی اضافہ ہوا، کارکردگی دکھانے کے چکر میں انہوں نے پورے لاہور کو اپنے تصاویر سے آلودہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے پاس واضع ایجنڈا موجود نہیں، استعفے، لانگ مارچ، احتجاج سب خاک ہو چکا، نااہل لیگ اب فارن فنڈنگ کا چورن بیچنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے، پی ٹی آئی کیلئے کھودے گئے گڑھے میں یہ خود گریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ معاملے پر بھی انہیں منہ کی کھانی پڑے گی، اسرائیل اور بھارت کا نام وہ لے رہے ہیں جو خود ان کے ایجنڈے کی تکمیل کیلئے کام کرتے رہے، اسرائیل کو تسلیم کرنے کا پلان ن لیگ کا تھا، بھارت سے دوستی کی پینگیں میاں مفرور بڑھا رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کو برباد کرنے والے بھی وفاق پر تنقید کر کے اپنی بچی ہوئی سیاست کو بچانا چاہتے ہیں، پیپلزپارٹی کے سندھ میں کرپشن کے قصے دنیا بھر میں مشہور ہورہے ہیں جس کی وجہ سے سندھ کی عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے لوٹ مار کی سیاست کی ہے۔