ڈریپ نے پاکستان میں چین کی کورونا ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت دے دی

سائینو فارم نے بذریعہ این آئی ایچ اجازت کے لیے درخواست دی تھی، اجازت ملنے کے بعد اب چینی کرونا ویکسین پاکستان میں استعمال ہو سکے گی

Shehryar Abbasi شہریار عباسی پیر 18 جنوری 2021 20:44

ڈریپ نے پاکستان میں چین کی کورونا ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت ..
اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18جنوری 2021ء) پاکستان کی جانب سے چین کی کورونا ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت دے دی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے چینی کمپنی سائینو فارم کی کورونا ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت دے دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق چینی ویکسین کے استعمال کی اجازت ڈریپ رجسٹریشن بورڈ نے دی ہے ۔

منظوری کے لیے سائینو فارم نے این آئی ایچ کے ذریعے اجازت کے لیے درخواست دی تھی، جس پر ڈریپ رجسٹریشن بورڈ کا اجلاس ہوا۔ 14 سے 18 جنوری تک جاری رہنے والے اجلاس میں سائنوفارم کی ویکسین کے بارے میں مکمل جانچ پڑتال کے بعد پاکستان میں چینی ویکسین کی منظوری دی گئی ہے۔ اجازت ملنے کے بعد اب چینی کورونا ویکسین پاکستان میں استعمال ہو سکے گی، سائینو فارم نے کورونا ویکسین چینی حکومت کے اشتراک سے تیار کی ہے، اور یہ چینی نیشنل میڈیکل پراڈکٹس ایڈمنسٹریشن سے رجسٹرڈ ہے۔

(جاری ہے)

سائینو فارم کی کورونا ویکسین کی کامیابی کا مجموعی تناسب 79 فی صد ہے، پاکستان نے پہلے فیز کے لیے کورونا ویکسین سائینو فارم سے لینے کا اعلان کیا تھا، پاکستان سائینو فارم سے کورونا ویکسین کی 12 لاکھ ڈوز خریدے گا۔ واضح رہے کہ چین نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکیسن کی لاکھوں خواراکیں تیار کر لیں، شینجن ائیرپورٹ پر ویکیسن کی ترسیل یقینی بنانے کے لیے بھرپور انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

چینی حکام کا کہنا ہے کہ آرڈر ملتے ہی ویکسین روانہ کر دی جائے گی۔ چین کے شینجن ائیرپورٹ پر محفوط انداز میں کورونا وائرس کی ویکیسن کی دیگر ممالک کو ترسیل یقینی بنائی جا رہی ہے۔ کورونا وائرس کی ویکیسن کے گوداموں میں داخلے کے لیے ہر فرد کا دو ہفتے کا قرنطینہ لازمی قرار دیا گیا ہے۔چین کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ دنیا بھر کے مختلف ممالک سے کورونا کی ویکیسن کے آرڈر ملتے ہی یہ ویکیسین ان کی جانب روانہ کر دی جائے گی۔ چین کا مزید کہنا ہے کہ ویکیسن کی فراہمی کارگو جیٹ طیاروں کے ذریعے کی جائے گی جہاں اس ویکسین کو کنٹرولڈ درجہ حرارت میں رکھا جائے گا۔