کیپیٹل ہل کو ایک مرتبہ پھر ہنگامی طور پر بند کردیا گیا

امریکی کانگریس کی عمارت کیپیٹل ہل کو قریبی علاقے میں آگ لگنے کے باعث بند کیا گیا ہے

Shehryar Abbasi شہریار عباسی پیر 18 جنوری 2021 21:24

کیپیٹل ہل  کو  ایک مرتبہ پھر ہنگامی طور پر بند کردیا گیا
واشنگٹن (اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18جنوری 2021ء) امریکی کانگریس کی عمارت کیپیٹل ہل کو ایک مرتبہ پھر بند کر دیا گیا ہے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی کانگریس کی عمارت کیپیٹل ہل کو قریبی علاقے میں آگ لگنے کے باعث بند کیا گیا ہے ۔ خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دارالحکومت میں واقع کیپیٹل ہل کے علاقےسے ملحق متعدد بلاکس میں لگنے والی آگ کے باعث کیپیٹل کمپلیکس کو ہنگامی طور پر لاک کردیا گیا ہے۔

کیپیٹل پولیس نے کیپیٹل میں موجود لوگوں کو "بیرونی سلامتی کے خطرے" کی وجہ سے اندر رہنے کی ہدایت کی اور ان کوعمارت تک محدود کر کے ہر قسم کے داخلے کو بند کردیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ کیپیٹل ہل کے مغربی حصے میں جاری صدارتی تقریب کی ریہرسل ہورہی تھی جہاں سے لوگوں کو ہٹا کر ہال خالی کروا دیا گیا ہےجبکہ میڈیا ممبران کو قریبی ٹریلروں میں واپس جانے کا کہا گیا ہے۔

(جاری ہے)

کیپیٹل پولیس نے بتایا کہ کیپیٹل ہل کے جنوب میں متعدد بلاکس پر واقع ایک شاہراہ پر آگ لگنے کے باعث لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔ کیپیٹل ہل کے قائم مقام چیف پٹ مین نے بتایا کہ شاہراہ پر پل کے نیچے لگنے والی آگ کے خطرے کے باعث بہت زیادہ احتیاط برتی گئی ہے اور اس سلسلے میں کیپیٹل کمپلیکس کو بند رکھنے کا حکم دیا تھا۔ فی الحال کیپیٹل ہل کیمپس میں یا اس کے اندر کوئی آگ نہیں لگی ہے۔

کیپیٹل پولیس کا کہنا ہے کہ "ممبران اور عملے کو مشورہ دیا گیا تھا کہ وہ محتاط رہیں۔ پولیس کی جانب سے اس واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔" امریکی سیکریٹ سروس نے بتایا کہ آگ پر قابو پالیا گیا ہے اور "عوام کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔" واضح رہے کہ نئے صدر منتخب ہونے والے جو بائیڈن کی حلف برداری کی تقریب کے لیے کیپیٹل ہل کے آس پاس سڑکیں بند کردی گئی تھیں۔

متعلقہ عنوان :