بھارت کی بڑی کمپنیاں سی پیک میں داخل ہونے کی کوششیں کر رہی ہیں

بھارت کے توانائی کے شعبے کی کچھ کمپنیاں سی پیک منصوبے میں دلچسپی لینے لگی ہیں، سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کا تہلکہ خیز انکشاف

muhammad ali محمد علی پیر 18 جنوری 2021 23:00

بھارت کی بڑی کمپنیاں سی پیک میں داخل ہونے کی کوششیں کر رہی ہیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 جنوری2021ء) بھارت کی بڑی کمپنیوں کی جانب سے سی پیک میں داخل ہونے کی کوششوں کا انکشاف۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ اور پیپلز پارٹی کے سینیٹر رحمان ملک کی جانب سے سی پیک منصوبے کے حوالے سے تہلکہ خیز انکشاف کیا گیا ہے۔ رحمان ملک کا کہنا ہے کہ سی پیک کے حوالے سے انھیں کچھ خدشات ہیں، بھارت کی توانائی کے شعبے کی کچھ کمپنیاں سی پیک منصوبے میں دلچسپی لینے لگی ہیں، بھارتی کمپنیوں کے سی پیک میں داخل ہونے سے متعلق الگ بریفنگ دوں گا۔

سینٹ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چئیرمین سینیٹر رحمان ملک کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان کی معیشت کو تباہ کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں بھارت میں سیاسی جماعتیں متحد ہیں جبکہ پاکستان میں سیاستدان دست و گریبان ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت پاکستان کے خلاف دوبارہ ایف اے ٹی ایف میں جا رہا ہے، پاکستان کو چاہیے پارلیمنٹ میں بھارت کے خلاف مشترکہ قرارداد منظور کی جائے۔

رحمان ملک مزید کہتے ہیں کہ پلوامہ کے حملے کے فوری بعد کہہ دیا تھا کہ یہ حملہ بھارت نے خود کروایا، نریندر مودی نے پلوامہ میں اپنے 40 فوجی مروا کر مگرمچھ کے آنسو بہائے اور سرحدوں پر کشیدگی کی گئی۔ پلوامہ حملے کامقصد پاکستان مخالف جذبات پیدا کرکے انکو انتخابی مہم میں استعمال کرنا تھا۔ رحمان ملک کہتے ہیں کہ پاکستان بھارت کے خلاف اقوام متحدہ سے رجوع کرے، ہمت پکڑیں اور دفاع تک محدود نہ رہیں۔ عمران خان پلوامہ سمیت بھارت کے دو معاملات کو عالمی سطح پر اٹھائے، بھارت ان وکیلوں سے بھی رابطہ رکھتا ہے جہاں پاکستان کا کیس چل رہا ہو، اس لیے اگر ہم نے دفاعی انداز اختیار کیے رکھا تو حالات یہی رہیں گے۔