روس کا بحری جہاز ترکی کی سمندری حدود میں حادثے کا شکار ہو کر ڈوب گیا

بحیرہ اسود میں روسی تجارتی جہاز ڈوبنے سے 2 افراد ہلاک، مزید افراد کی تلاش جاری

Shehryar Abbasi شہریار عباسی منگل 19 جنوری 2021 00:32

روس کا بحری جہاز ترکی کی سمندری حدود میں حادثے کا شکار ہو کر ڈوب گیا
ماسکو (اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18جنوری 2021ء) روس کا بحری جہاز ترکی کی سمندری حدود میٰں حادثے کا شکار ہو کر ڈوب گیا ہے ۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق روس کا تجارتی بحری جہاز ترکی کے کھلے سمندر میں ڈوب گیا ہے ۔ جہاز ڈوبنے کے حادثے میں 2 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ملی ہیں ۔ بتایا گیا ہے کہ ڈوبنے والے جہاز میں عملے کے 15 اہلکار موجود تھے۔

رپورٹ کے مطابق ترکی کے بارٹن صوبہ کے گورنر سنن گنر ن کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ بحیرہ اسود میں ترکی کے ساحل پر روسی کارگو بحری جہاز ڈوب گیا ہےجس کے نتیجے میں اس جہاز کے عملے کے کم از کم دو ارکان ہلاک ہوگئے ہیں۔ صوبائی گورنر نے میڈیا کو بتایا کہ اس کارگو جہاز میں15 افراد سوار تھے جو کہ تمام روسی شہری تھے۔

(جاری ہے)

تاہم ابتدائی طور پر ریسکیو اہلکاروں نے پانچ افراد کو بچالیا ہے جبکہ کھلے سمندر میں سے ہلاک ہونے والے 2 افراد کی لاشیں بھی نکال لی گئی ہیں۔

صوبائی گورنر نے کہا کہ مزید 8 افراد کو بچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انقرہ میں روس کے سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ روسی سفارتکار اس کارگو جہاز کے عملے کی تلاش کے لئے مزید کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔سفارت خانے کے مطابق یہ بحری جہاز صوبہ بارٹن میں انکمو کے قریب ڈوب گیا تھا اس حادثے کی وجوہات جاننے کے لئے بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ موسم کی صورتحال خراب ہونے کے باعث امدادی ٹیموں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ ترک انتظامیہ نےمزید امدادی ٹیمیں بھی کھلے سمندر میں بھیج دی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :