بلاول نے ہمیں چھوڑ دیا ، ،مریم نواز اور بلاول بھٹو میں ناراضی کا انکشاف

مریم نواز نے مولانا فضل الرحمان کو کہا کہ بلاول نے ہمیں چھوڑ دیا، جس پر مولانا فضل الرحمان نے شکوہ کیا کہ ن لیگ نے بھی ہمیں چھوڑ دیا تھا جس پر دونوں فریقین نے کہا کہ آئندہ پیپلز پارٹی پر انحصار نہیں کرنا۔ عارف حمید بھٹی کا انکشاف

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 19 جنوری 2021 10:44

بلاول نے ہمیں چھوڑ دیا ، ،مریم نواز اور بلاول بھٹو میں ناراضی کا انکشاف
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 جنوری2021ء) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے مابین ناراضی کا دعویٰ کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی عارف حمید بھٹی کا کہنا ہے کہ پرسوں رات کو مولانا فضل الرحمان اور مریم نواز کے مابین رابطہ ہوا جس میں مریم نواز نے کہا کہ پیپلز پارٹی این آر او لے گئی ہے اور ہمارے ساتھ دھوکہ کر گئی ہے۔

عارف حمید بھٹی کے مطابق مریم نواز اس وقت بلاول بھٹو سے سخت ناراض ہیں اور کہہ رہی ہیں کہ بلاول نے ہمیں چھوڑ دیا، جس پر مولانا فضل الرحمان نے شکوہ کیا کہ ن لیگ نے بھی ہمیں چھوڑ دیا تھا جس پر دونوں فریقین نے کہا کہ آئندہ پیپلز پارٹی پر انحصار نہیں کرنا۔عارف حمید بھٹی نے مزید کہاکہ آج کے اجلاس میں پیپلز پارٹی کے وفد کو یہ باور کروایا گیا کہ بلاول بھٹو اس تحریک کو وقت دیں کیونکہ وزیراعظم کو دی گئی استعفے کی ڈیڈی لائن بھی قریب ہے۔

(جاری ہے)

عارف حمید بھٹی نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمن کے مدرسوں کے طالب علم ڈنڈوں کے ساتھ اسلام آباد پہنچ گئے۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے پی ڈی ایم کے احتجاج میں مدرسے کے طلبہ کی شرکت کو روکنے کیلئے اہم فیصلہ کیا ہے۔ 19 جنوری کو پی ڈی ایم کی جانب سے الیکشن کمیشن کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ اس احتجاج میں مدارس کے طلبہ کی ممکنہ شرکت کے پیش نظر جڑواں شہروں میں سیکورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پی ڈی ایم کے الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کے پیش نظر معلومات اکٹھی کرنا شروع کر د ی ہے۔ وزارت داخلہ کی ہدایت پر مولانا فضل الرحمن کے مدارس سے آنے والے طلبہ کو کسی صورت بھی اسلام آباد میں داخل ہونے سے روکا جائے گا۔ ناصرف دور دراز کے علاقوں بلکہ اسلام آباد، راولپنڈی کے مدارس کی نگرانی بھی شروع کر دی گئی۔

کسی بھی مدرسے کے طلبہ کو اسلام آباد داخل ہونے سے قبل ہی گرفتار کر لیا جائے گا۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ نے پیر کے روز وارننگ بھی جاری کیا۔ وزیراعظم کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ پی ڈی ایم جلسوں اور مظاہروں میں مدرسے کے طلبہ کی شرکت روکی جائے، جس کے بعد وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے تنبییہ کی ہے کہ مولانا فضل الرحمان سیاست میں طلبہ کو نہ لائیں۔