پی ایس ایل 6، شائقین کی مخصوص تعداد کو سٹیڈیم آکر میچز دیکھنے کی اجازت ملنے کا امکان

پی سی بی کا پنجاب، سندھ اور وفاقی حکومت سے رابطہ ،12سے 14ہزار تماشائیوں کو ہر میچ کیلئے سٹیڈیم لانے کی اجاز ت مانگ لی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 19 جنوری 2021 12:44

پی ایس ایل 6، شائقین کی مخصوص تعداد کو سٹیڈیم آکر میچز دیکھنے کی اجازت ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 19 جنوری 2021ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) کے چھٹے سیزن میں شائقین کی مخصوص تعداد کو سٹیڈیم آکر میچز دیکھنے کی اجازت ملنے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی ) نے پی ایس ایل 6کی ٹکٹ سروس کے لیے ٹینڈر جاری کردیا ہے جس کی آخری تاریخ 29جنوری ہے۔پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ تماشائیوں کے بغیر پی ایس ایل کا رنگ پھیکا پڑ جائے گا اور کرکٹ بورڈ نے تماشائیوں کی مخصوص تعداد کو سٹیڈیم بلانے کا لائحہ عمل تیار کرنے کے لیے نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) سے رابطہ کرلیا ہے، این سی او سی کی جانب سے اگرپی سی بی کو مخصوص تعداد میں تماشائیوں کو سٹیڈیم میں لانے کی اجازت ملی تو کرونا قوانین پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

پی سی بی نے مخصوص تعداد میں شائقین کو لاہو ر اور کراچی میں شیڈول پی ایس ایل 6کے لیے سٹیڈیم میں لانے کے لیے پنجاب، سندھ اور وفاقی حکومت سے رابطہ کرلیا ہے ،پی سی بی کو امید ہے کہ دونوں شہروں میں 12سے 14ہزار تماشائیوں کو ہر میچ کے لیے سٹیڈیم آنے کی اجاز ت مل جائے گی ۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل کا چھٹا ایڈیشن 20 فروری کو کراچی میں شروع ہونا ہے۔ نیشنل سٹیڈیم 20 میچز کی میزبانی کرے گا جبکہ لاہور کا قذافی سٹیڈیم آخری 14 میچوں کی میزبانی کرے گا جس میں ناک آؤٹ مرحلہ اور فائنل شامل ہے۔