جموں کشمیر نیشنل فرنٹ کی کشمیری عوام سے 21 جنوری کو گاؤ کدال کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے مکمل ہڑتال کرنےکی اپیل

منگل 19 جنوری 2021 13:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2021ء) جموں کشمیر نیشنل فرنٹ نے کشمیری عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ 21 جنوری کو گاؤ کدال کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے مکمل ہڑتال کریں جس کو 1990 میں اس دن بھارتی قابض فوج نے بے رحمی سے فائرنگ کر کے ہلاک کردیا تھا۔منگل کو یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں پارٹی (جے کے این ایف) کے ترجمان نے اسے کشمیر کی حالیہ تاریخ کا ایک انتہائی سفاکانہ قتل عام قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس بدترین دن سری نگر کے بسنت باغ میں پر امن جلوس پر اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم پچاس افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ انہوں نے افسوس کے ساتھ کہا کہ سن 1989 میں جاری مزاحمتی تحریک کے آغاز کے بعد سے اجتماعی قتل و غارت گری کے متعدد واقعات کی اطلاع ملی ہے جس میں سینکڑوں بے گناہ اور نہتے افراد بشمول مرد ، خواتین اور بچوں کو بھارتی فوج اور نیم فوجی دستوں کی گولیوں کا نشانہ بنایا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 31 سال گزر جانے کے باوجود گوکدال کے قتل عام کے متاثرین ابھی بھی انصاف کی تلاش میں بھٹک رہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت حکومت کو پیش کی جانے والی تحقیقات کی رپورٹوں سے یہ معلوم ہوا ہے کہ تشدد کے ان ہولناک واقعات میں ہندوستانی فوج کا براہ راست دخل ہے لیکن قصورواروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ،" ترجمان نے مزید کہا کہ یہ وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری کو زیادہ سے زیادہ کردار ادا کرنا چاہئے۔ بھارتی فوجوں کے کشمیریوں کے خلاف کیے جانے والے جرائم کاہندوستانی حکومت کو جوابدہ ٹھہرانے کے لئے کردار کی ضرورت ہے۔