”اللہ کے گھر آنے والوں کی حفاظت اللہ تعالیٰ خود فرماتا ہے“

کعبہ شریف کی رونقیں بحال ہو گئیں،پابندی ہٹنے کے بعد 68 لاکھ سے زائد نمازی اور زائرین مسجد الحرام آ چکے ہیں، ایک بھی کورونا کا شکار نہیں ہوا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 19 جنوری 2021 13:25

”اللہ کے گھر آنے والوں کی حفاظت اللہ تعالیٰ خود فرماتا ہے“
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19 جنوری2021ء) کعبہ شریف دُنیا کا مقدس ترین مقام ہے، جہاں آنے والوں پر ہر وقت اللہ تعالیٰ کی رحمتوں اور برکتوں کا نزول ہوتا رہتا ہے۔ جو یہاں آتے ہیں، اللہ کے حضور ان کی مغفرت بھی ضرور ہو جاتی ہے اور دُنیا اور آخرت میں فلاح کا سامان بھی پیدا ہو جاتا ہے۔ دُنیا میں ہر مسلمان کی بڑی خواہش ہوتی ہے کہ وہ زندگی میں کم از ایک بار ضرور بیت اللہ کی زیارت کرے۔

رواں سال کورونا وبا کے باعث کئی ماہ تک بیت اللہ کو عمرہ اور نمازوں کی ادائیگی کے لیے بند رکھا گیا، اس کے علاوہ حج کی سعادت بھی چند ہزار افراد تک محدود کر دی گئی تھی۔ تاہم 22 ستمبر کے بعد سے عمرہ اور نمازوں کی ادائیگی کی اجازت ملنے کے بعدفرزندانِ توحید لاکھوں کی گنتی میں بیت اللہ میں اُمڈ آئے ہیں۔

(جاری ہے)

مسجد الحرام اور مسجد نبوی کاانتظام سنبھالنے والی حرمین کمیٹی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مسجد الحرام میں پابندی ہٹنے کے بعد اب تک 68 لاکھ سے زائد نمازی اور عمرہ زائرین آ چکے ہیں۔

اللہ کی اس سے بڑی رحمت اور برکت کیا ہو گی کہ ان67 لاکھ نمازیوں اور زائرین میں سے ایک بھی فرد کورونا وائرس میں مبتلا نہیں ہوا۔یہ سب اللہ کی مہربانی اور اپنے در پر آنے والوں کی خصوصی حفاظت کے باعث ممکن ہو پایا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق کورونا وباکے باعث عائد پابندیاں ہٹنے کے بعد4 اکتوبر 2020ء سے 16 جنوری 2021ء تک عمرہ اور نماز کے لیے مسجد الحرام میں 68 لاکھ افراد آ چکے ہیں۔

جن میں نماز ادا کرنے والوں کی گنتی 50 لاکھ ہے جبکہ عمرہ کرنے والوں کی گنتی 18 لاکھ سے زائد ہو چکی ہے۔ مسجد الحرام میں کورونا سے بچاؤ کے لیے ایس او پیز پر مکمل طور پر عمل کروایا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ رواں سال مارچ کے دوران کورونا کیسز کو روکنے کے لیے سعودی عرب میں لاک ڈاؤن لگایا گیا تھا، جس دوران مسجد الحرام میں عمرہ اور نماز کی ادائیگی پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔

وزارت حج و عمرہ نے 22 ستمبر سے چار مراحل میں عمرہ پابندیاں درجہ وار ہٹانے کا اعلان کیا تھا۔ پہلے مرحلے میں 14 روز کے دوران 84 ہزار افراد کو عمرہ کے لیے اجازت نامے جاری کیے گئے۔ روزانہ 6 ہزار افراد کو عمرہ کی اجازت دی گئی۔ دوسرے مرحلے میں دو لاکھ 10 ہزار افراد نے عمرہ کی سعادت حاصل کی۔جبکہ یکم نومبر 2020ء سے شروع ہونے والے تیسرے مرحلے میں مقامی افراد کے ساتھ ساتھ بیرون ملک بسنے والے مسلمانوں کو بھی عمرہ کی اجازت دے دی گئی ہے۔ پاکستان سے بھی ہزاروں افراد عمرہ کی سعادت حاصل کر چکے ہیں۔