سعودیہ، امارات سمیت تمام پردیسی پاکستانیوں کے لیے شاندار سہولت فراہم کر دی گئی

فاسٹ ٹریک عدالتوں کے ذریعے اوور سیز پاکستانیوں کے زمینوں کے جھگڑے 30 روز کے اندر نمٹائے جائیں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 19 جنوری 2021 14:22

سعودیہ، امارات سمیت تمام پردیسی پاکستانیوں کے لیے شاندار سہولت فراہم ..
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19 جنوری2021ء) پاکستانی حکومت کی جانب سے ان اوور سیز پاکستانیوں کے لیے شاندار سہولت کا اعلان کر دیا ہے جنہوں نے پاکستان میں زمینیں خرید رکھی ہیں مگر ان کی یہ زمین قبضہ مافیا نے ہڑپ کر لی ہے، یا دیگر افراد کے ساتھ ان کے تنازعات چل رہے ہیں۔ اب ان کے زمینوں کے تنازعات صرف 30 روز کے اندر حل ہو جائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز زلفی بخاری نے بتایا ہے کہ عنقریب فاسٹ ٹریک عدالتیں قائم کی جا رہی ہیں جو پاکستانی اوور سیز کے زمینوں کے جھگڑے 30 روز کے اندر نمٹا دیں گی۔

یہ بات انہوں نے اوور سیز ریئل اسٹیٹ فورم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ سے لے کر اسلام آباد تک اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ بہت ظلم ہوا ہے، ان کی بہت سی زمینیں ہتھیائی گئی ہیں، اس لیے ہماری جانب سے کوشش کی جا رہی ہے کہ ان کے مسائل حل کیے جائیں۔

(جاری ہے)

اسی سلسلے میں ایسا فاسٹ ٹریک عدالتی نظام متعارف کروایا جارہا ہے جس کے تحت اوورسیز پاکستانیوں کی زمینوں کے جھگڑے 30 روز میں نمٹائے جائیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اوور سیز پاکستانیوں کی سرمایہ کاری کو محفوظ بنانے کے لیے پاکستان اوورسیز ریئل سٹیٹ فورم کا قیام وقت کی ضرورت ہے۔ جس کے تحت اوور سیز پاکستانیز کو سستے رہائشی منصوبوں میں زمینیں خریدنے کے لیے رہنمائی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ زلفی بخاری چند روز قبل بھی کہا تھا کہ اوور سیز پاکستانیوں کی بہتری کے لیے حکومت نئے قوانین لے کر آ رہی ہے۔

انہوں نے کہا ’پلیز یہ یاد رکھیں کہ خاص طور پرجو ہمارے عرب ملکوں میں اوورسیز پاکستانی ہیں یا کسی ملک میں جن کو کوئی پریشانی ہے، نقصان ہے تو ہماری وزارت ہمیشہ آپ کے لیے حاضر ہے اور کوشش کرتی ہے کہ آپ لوگوں کے لیے بہتراورآپ کی بہتری کے لیے سوچے۔ہمارے دروازے، وزارت کے دروازے ہمیشہ آپ کے لیے کھلے ہیں۔ اور ہم انشا اللہ ایسے قوانین لے پر کام کر رہے ہیں جوآپ لوگوں کی بہتری کے لیے ہوں گے۔ اور یہ وزارت ہمیشہ آپ کے ساتھ،آپ کے پیچھے کھڑی ہوئی ہے تو ہمیں استعمال کیجیے۔انہوں نے خوش خبری دی کہ بیرون ملک پاکستانیوں کے قانونی معاملات جلد نمٹانے کے لیے فاسٹ ٹریک عدالتوں کا معاملہ آخری مرحلے پر ہے اور اگلے ماہ تک ان کا قیام ممکن ہو جائے گا۔