Live Updates

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے گورنر سندھ عمران اسماعیل اور چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف سیف اللہ خان نیازی کی ملاقات

منگل 19 جنوری 2021 14:36

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے گورنر سندھ عمران اسماعیل اور چیف آرگنائزر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2021ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آئندہ انتخابات منصفانہ اور شفاف انداز میں کرانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ اس سے پاکستان میں کامیاب جمہوری نظام کو فروغ حاصل ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو گورنر سندھ ، عمران اسماعیل اور چیف آرگنائزر ، پاکستان تحریک انصاف ، سیف اللہ خان نیازی سے ملاقات کے دوران کیا۔

ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور آئندہ انتخابات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں گورنر سندھ نے صدر مملکت کو کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور سندھ کی سیاسی صورتحال بھی بریفنگ دی۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آئندہ انتخابات منصفانہ اور شفاف انداز میں کرانے کی ضرورت پر زوردیا،انہوں نے کہاکہ شفاف انتخابات سے پاکستان میں کامیاب جمہوری نظام کو فروغ حاصل ہو گا، صدر مملکت نے کراچی کو 52 جدید فائر انجنز کے تحفے پر گورنر سندھ کو مبارکباددی۔

(جاری ہے)

صدر عارف علوی نے کہاکہ نئے فائر انجنز سے شہر کے فائر ایمرجنسی نظام کو مزید موثر اور تیزرفتار بنانے میں مدد ملے گی، صدر نےکراچی میں جمشید اور پاکستان کوارٹرز کی ترقی کے لئے اقدامات کرنے کی ضرورت پربھی زوردیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات