ٹیسٹ سکواڈ میں نام آیا تو والدہ سجدے میں چلی گئیں: تابش خان

دوست نے فون کرکے مبارکباد دی کہ تمہارا نام آگیا ہے تو لگاکہ وہ مذاق اڑا رہا ہے: فاسٹ بائولر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 19 جنوری 2021 14:51

ٹیسٹ سکواڈ میں نام آیا تو والدہ سجدے میں چلی گئیں: تابش خان
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 19 جنوری 2021ء ) فاسٹ بائولر تابش خان کا کہنا ہے کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے سے زیادہ دور نہیں ہیں جو ان کی زندگی کا سب سے بڑا خواب ہے۔ ورچوئل پریس کانفرنس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے تابش خان نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے 20 رکنی سکواڈ کا حصہ بننا ان کا نصف خواب تھا۔ ان کے پاس بہت کچھ ہے، ان کا ابھی آدھا خواب پورا ہوا ہے،ابھی انہیں جنوبی افریقہ سیریز کے لئے 16 میں آنا ہے، میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ اگر اس سیریز میں کھیلنے کا موقع نہ ملا تب بھی کرکٹ کھیلنا نہیں چھوڑوں گا ،کرکٹ میرا سب سے بڑا جنون ہے اور میرا خواب ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنا ہے۔

دریں اثناء 36 سالہ فاسٹ بائولر جنہوں نے اب تک 598 فرسٹ کلاس وکٹیں حاصل کررکھی ہیں ، نے اس لمحے کو بیان کیا جب انہیں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے ابتدائی سکواڈ میں شامل کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

تابش خان کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے دوست کی طرف سے مبارک باد کی کال موصول ہوئی۔ انہوں نے مجھے بتایا کہ میں 20 رکنی سکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگیا ہوں لیکن مجھے اس پر یقین نہیں آیا اور ایسا لگا وہ میرا مذاق اڑا رہا ہے لیکن اس دوست نے مجھے کہا کہ میں ٹی کھول کر خود دیکھ سکتا ہوں ۔

میرے اہل خانہ کہیں باہر جارہے تھے ، میں اپنی والدہ کے پاس گیا اور ان سے کچھ دیر انتظار کرنے کو کہا کیونکہ میرے دوست کے مطابق ٹیسٹ سکواڈ کے لئے میرے نام کا اعلان کیا گیا تھا۔ میری درخواست پر میری والدہ میرے ساتھ رہیں اور جب میرا نام آخری وقت میں سامنے آیا تو بتا نہیں سکتا کہ اس وقت میرے جذبات کیا تھے۔ میری والدہ اور بھائی سجدے میں گئے اور اللہ کا شکر ادا کیا۔ اب مجھے امید ہے کہ 16 رکنی ٹیم میں بھی موقع ملے گا۔
 

متعلقہ عنوان :