پاکستانی طلبہ و طالبات کیلئے تمام ملکی و عالمی سکالر شپس کی تفصیلات کووفاقی وزارت تعلیم کی ویب سائیٹ پر لنک کر دیا گیا

طلبہ کی آسانی کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ سہولت متعارف کرائی ،اب طلبہ و طالبات کو مختلف ویب سائیٹس پر جا کر سکالر شپس ڈھونڈنے کی ضرورت نہیں رہے گی، شفقت محمود

منگل 19 جنوری 2021 17:15

پاکستانی طلبہ و طالبات کیلئے تمام ملکی و عالمی سکالر شپس کی تفصیلات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2021ء) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود کی ہدایات پر پاکستانی طلبہ و طالبات کے لئے تمام ملکی و بین الاقوامی سکالر شپس کی تفصیلات کووفاقی وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کی ویب سائیٹ پر لنک کر دیا گیا ہے۔ ایک بیان میں وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا طلبہ کی آسانی کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ سہولت متعارف کرائی ہے۔

اگر ایک ہی پروگرام کے لئے مختلف ڈونر ایجنسیزکی سکالر شپس موجود ہیں تو اس سے طلبہ کے پاس چوائس ہوگی کہ زیادہ موزوں سکالر شپ سے استفادہ کر سکیں۔ طلبہ و طالبات کو اب مختلف ویب سائیٹس پر جا کر سکالر شپس ڈھونڈنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ نہ صرف اس سے طلبہ کا قیمتی وقت اور توانائی کی بچت ہوگی بلکہ تمام قابل اعتماد و مفید معلومات ایک ہی جگہ پر میسر ہو نگی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کی ویب سائیٹ پر ایچ ای سی کی ملکی و غیر ملکی سکالر شپس کے علاوہ نیسٹ سکالر شپس، جائیکا سکالر شپس، کوآئیکا سکالر شپس، شیوننگ سکالر شپس، فل برائیٹ سکالر شپس، آسٹریلین ایڈ سکالر شپس، فرانس سکالر شپس، ہنگری سکالر شپس، یو ایس ایجوکیشنل فاونڈیشن سکالر شپس، جرمن اکیڈیمک ایکسچینج سروس، چائنہ سکالر شپس کونسل، ترکی سکالر شپس اور ورلڈ بینک، ایشین ڈیویلپمنٹ بینک اور اسلامک ڈویلپمنٹ بینک کی سکالرشپس کو لنک کیا گیا ہے۔