Live Updates

تحریک انصاف فارن فنڈنگ کیس‘ ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا فراڈ ہے .مریم نواز

یہ اگر احتجاجی ریلی اور احتجاج ہے تو دیکھ لو جس دن عوام لانگ مارچ کے لیے پہنچیں گے تو کیا عالم ہوگا.نون لیگی راہنما کا الیکشن کمیشن کے باہر احتجاجی جلسے سے خطاب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 19 جنوری 2021 17:35

تحریک انصاف فارن فنڈنگ کیس‘ ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا فراڈ ہے .مریم ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔19 جنوری ۔2021ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو عوام کے ووٹ کا تحفظ کرنا تھا لیکن پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ نہیں دیا جو ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا فراڈ ہے . الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سامنے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ یہ اگر احتجاجی ریلی اور احتجاج ہے تو دیکھ لو جس دن عوام لانگ مارچ کے لیے پہنچیں گے تو کیا عالم ہوگا.

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم آج ایک ایسی سڑک پر موجود ہیں جس کو شاہراہ دستور کہتے ہیں، جس کے دونوں اطراف انصاف دینے والے ادارے موجود ہیں لیکن بہت افسوس ہے کہ جس ملک میں ہم رہ رہے ہیں وہاں نہ کوئی آئین ہے اور نہ انصاف ہے، آج الیکشن کمیشن کے باہر اس لیے ہم جمع ہوئے ہیں کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو اس کی آئینی ذمہ داریاں یاد دلائیں. انہوں نے کہا کہ ہم یہاں اس لیے جمع ہوئے ہیں کہ محترم چیف الیکشن کمشنر کوبتائیں کہ آپ کا ادارہ پاکستان کا آئینی اور قوم کا ادارہ ہے، جس کو آئین میں عوام کی رائے کا امین بنایا ہے، آئین کی کتاب نے ووٹ کی عزت کی ذمہ داری عطا کی ہے، یہ وہ ادارہ جس کو عوام کے ووٹ کی عزت کروانی تھی.

مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے فراڈ کا نام تحریک انصاف فارن فنڈنگ کیس ہے، نومبر 2014 میں یہ کیس داخل ہوا تھا انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا کیس دنوں میں چلتا ہے اور دنوں میں ختم ہوتا ہے اور دن میں دو دو سماعتیں بھی ہوتی ہیں لیکن اس ادارے نے 7 برسوں میں 70 سماعتیں کی ہیں. انہوں نے کہا کہ پاکستان پر مسلط عمران خان نے مقدمے کو ملتوی کرانے کی 30 بار کوشش کی، کون کہتا تھا کہ اگر چوری نہیں کی تو تلاشی دے دو، آج پی ڈی ایم اور عوام پوچھتے ہیں کہ اگر چوری نہیں کی تو 30 بار مقدمے کو رکوانے کی کوشش کیوں کی نائب صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ اس تابعدار خان نے ہائی کورٹ میں 6 مرتبہ درخواستیں دیں.

واضح رہے کہ پی ڈی ایم کے زیراہتمام الیکشن کمیشن آف پاکستان کے باہر احتجاج جاری ہے جس سے مسلم لیگ نون کی راہنما مریم نوازخطاب کررہے ہیں جبکہ باقی راہنماﺅں کے خطاب کچھ دیر میں شروع ہونگے اس احتجاجی جلسے میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو شریک نہیں ہیں بلکہ وہ عمر کوٹ میں سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 52ٹو عمر کوٹ کے ضمنی انتخابات میں پیپلزپارٹی کی فتح کا جشن منا رہے ہیں.
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات