گندم میں فاسفورسی کھادوں کے کم استعمال کے باعث فصل پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں، محکمہ زراعت

منگل 19 جنوری 2021 17:44

اوکاڑہ۔19جنوری  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2021ء) :محکمہ زراعت پنجاب نے جنوری کے دوسرے پندھرواڑے میں گندم کی بہتر نگہداشت کیلئے حکمت عملی جاری کردی۔ محکمہ زراعت پنجاب نے بتایا ہے کہ ایسے کاشتکار جنہوں نے دھان، کپاس، مکئی اور کماد کے بعد گندم کو دوسرا پانی 80 تا 90 دن بعد (گوبھ کے وقت) لگائیں جبکہ پچھیتی کاشت کیلئے پہلا پانی بوائی کے 25 تا 30 دن بعد (شاخیں نکلتے وقت) لگائیں۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ گندم میں فاسفورسی کھادوں کے کم استعمال کے باعث گندم کی فصل پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ فاسفورسی کھادیں کم استعمال کرنے کی وجہ سے گندم کا پودا نرم اور سبز ہو جاتا ہے جس سے فصل گرنے اور بیماریوں کے حملے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اس لئے ایسے کاشتکار جو گندم کی کاشت کے وقت فاسفورس کھاد کا سفارش کردہ مقدار میں استعمال نہیں کر سکے انہیں چاہیے کہ اگر بوقت کاشت انھوں نے اپنی زمین میں ڈیرھ تا دو بوری یوریا فی ایکڑ کھاد ڈالی ہے تو ایک بوری مونو امونیم فاسفیٹ (MAP) یا ڈیرھ بوری نائٹروفاس یا ڈیرھ بوری این پی کھاد (20-20) استعمال کریں۔

(جاری ہے)

اگر بوقت بوائی ایک بوری یوریا فی ایکڑ یا اس سے کم استعمال کی گئی ہو تو ڈیرھ بوری مونو امونیم فاسفیٹ (MAP) اور آدھی بوری یوریا استعمال کریں یا دو بوری نائٹروفاس یا دو بوری این پی (20-20) کھاد استعمال کریں۔ مونو امونیم فاسفیٹ، نائٹروفاس اور این پی کھادیں دوسری فاسفورسی کھادوں کی نسبت زیادہ حل پذیر ہوتی ہیں اس لئے ان کھادوں کوپانی کے ڈرم میں گھول کر نکہ کے اُوپر (فرٹیگیشن کے ذریعے) ڈالیں تاکہ فاسفورس پانی میں حل ہوکر جڑوں میں پہنچ جائے۔

بارانی علاقوں کے کاشتکار جڑی بوٹیوں کی تلفی بذریعہ گوڈی کریں جبکہ آبپاش علاقوں میں چوڑے پتوں (مینا، جنگلی ہالوں) اور نوکیلے پتوں (دمبی سٹی، جنگلی جئی) والی جڑی بوٹیوں کی تلفی کے لئے محکمہ زراعت (توسیع) کے مقامی عملے کے مشورے سے سپرے کریں۔ یاد رہے وزیر اعظم پاکستان کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے منصوبہ کے تحت محکمہ زراعت کی جانب سے کاشتکاروں کو جڑی بوٹی مار زہروں پر 250 روپے فی ایکڑ سبسڈی بھی دی جارہی ہے۔

سپرے کے دوران کسی جگہ دوہری سپرے نہ کریں اور نہ کوئی خالی جگہ رہنے دیں۔ جڑی بوٹی مار زہروں کے سپرے کیلئے 100 تا 120 لٹر پانی فی ایکڑ استعمال کریں۔ معیاری سپرے کیلئے مخصوص فلیٹ فین نوزل یا ٹی جیٹ نوزل کا استعمال کریں۔ زہر کے چھرکاو¿ کے بعد گوڈی یا بار ہیرو کے استعمال سے گریز کریں۔ کاشتکار تیز ہوا، دھند یا بارش والے دن سپرے نہ کریں اور ترجیحاً سپرے دھوپ میں کریں