یو اے ای میں خاوند نے گاڑی بیوی پر چڑھا دی

گاڑی پارک کرنے کے دوران سنگین غلطی سے خاتون موقع پر ہی چل بسی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 19 جنوری 2021 18:00

یو اے ای میں خاوند نے گاڑی بیوی پر چڑھا دی
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19 جنوری2021ء) یو اے ای میں ایک خاوند کی غلطی نے اس کی بیوی کی جان لے لی ہے۔ خاوند نے گاڑی پارک کرنے کے دوران غلطی سے بیوی پر چڑھا دی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی تڑپ تڑپ کر زندگی سے محروم ہو گئی۔خلیج ٹائمز کے مطابق یہ واقعہ اماراتی ریاست عجمان میں پیش آیا جہاں ایک خاتون ہسپتال کی پارکنگ میں اپنے ڈرائیور خاوند کو مدد دینے کے لیے گاڑی کے سامنے کھڑی ہو کر اس کی رہنمائی کرنے لگی۔

تاہم اس دوران خاوند کا پیر غلطی سے ریس پر دب گیا جس کے نتیجے میں بھارتی خاتون گاڑی اور پارکنگ کی دیوار کے درمیان ہی بُری طرح پچک گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے اس کی موت واقع ہو گئی ۔مرنے والی 45 سالہ خاتون کا نام لِجی تھا جو اپنے خاوند اور بیٹی کے ساتھ کئی سال سے امارات میں مقیم تھی۔

(جاری ہے)

بھارتی ریاست کیرالا سے تعلق رکھنے والے اس خاندان پر اس اچانک حادثے نے سوگ اور صدمے کی کیفیت طاری کر دی ہے۔

انڈین ایسوسی ایشن اُم القوین کے صدر سجاد نتیکا نے بتایا کہ مرنے والی خاتون اپنے خاوند کے ہمراہ عجمان کے ایک ہسپتال میں چیک اپ کروانے گئی تھی۔وہ اپنے خاوند کو گاڑی پارک کرنے میں مدد دینے کے لیے سامنے کھڑی تھی، جب خاوند کا پیر ایکسلریٹر پر دب جانے سے خاتون گاڑی اور دیوار کے درمیان پھنس گئی اور اس ٹکر نے اس کی زندگی کا خاتمہ کر دیا۔

اس واقعے کے بعد خاتون کا خاوند شدید احساسِ جُرم کا شکار ہو گیا ہے اور اس کی صدمے سے بُری حالت ہے۔ یہ خاندان برسوں سے اُم القوین میں مقیم ہے۔ ان کا بڑا بیٹا بھارت میں انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کر رہا ہے جبکہ بیٹی اُم القوین کے سکول میں زیر تعلیم ہے۔ حالانکہ خاوند اور بیوی دونوں ہی اچھے ڈرائیورز تھے، مگر اس انہونی نے اس خاندان کا سب کچھ اُجاڑ کر رکھ دیا ہے۔ عجمان پولیس کی جانب سے اس حادثے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔