خراچی افیئرنامی رشوت کے مقدمے میں سابق فرانسیسی وزیراعظم کے ٹرائل کا آغاز

بیلاڈور ججوں کا سامنا اور ان کے سوالوں کے جوابات دینے کے لیے عدالت میں پیش ہوں گے،وکلا دفاع

منگل 19 جنوری 2021 21:03

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جنوری2021ء) سابق فرانسیسی وزیراعظم ایڈورڈ بیلاڈور پر مقدمے کا آغاز کردیاگیا ہے ،کراچی افیئرکے نام سے مشہور اس مقدمے میں ان پر الزام ہے کہ انہوں نے 1990کی دہائی میں ناکام صدارتی مہم کے سلسلے میں فنڈز کی فراہمی کے لیے اسلحہ کے معاہدوں میں رشوت لی تھی۔میڈیارپورٹس کے مطابق91سالہ بیلاڈور بدانتظامی کے الزامات کا سامنا کرنے والے فرانسیسی سیاست دانوں کی ایک طویل فہرست کا حصہ بن گئے جہاں اس فہرست میں سابق صدر نکولس سرکوزی اور ان کے پیش رو جیک چیراک بھی شامل ہیں۔

قدامت پسند سابق وزیر اعظم پر کورٹ آف جسٹس آف دی ریپبلک ان پیرس میں مقدمہ چلایا جائے گا، فرانس میں وزارتی بدانتظامی کے مقدمات کی سماعت کے لیے یہ ٹریبونل وقف ہے۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ ان کے 78سالہ سابق وزیردفاع فرینکوئس لیٹارڈ پر بھی مقدمہ چلایا جائے گا البتہ ٹرائل کے ابتدائی مرحلے میں بیماری کی وجہ سے ان کی شرکت غیر یقینی ہے۔ان کے وکیل فیلکس ڈی بیلائے نے بتایا کہ بیلاڈور ججوں کا سامنا اور ان کے سوالوں کے جوابات دینے کے لیے عدالت میں پیش ہوں گے۔

ان دونوں افراد پر 1993 سے 1995 کے دوران پاکستان کو سب میرینز اور سعودی عرب کو جنگی جہازوں کی فروخت کے لیے کارپوریٹ اثاثوں کے غلط استعمال میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے جب فرینکوئس میٹرینڈ کے دور صدارت کے آخری دنوں میں بیلاڈور وزیر اعظم تھے۔