بلاول بھٹو زرداری 22 جنوری کو لاڑکانہ انڈسٹریل زون کا افتتاح کریں گے

پوری امید ہے کہ لاڑکانہ انڈسٹریل زون کے قیام سے علاقے کے لوگوں کو باعزت روزگار میسر آئے گا اور خوشحالی کا دور دورہ ہوگا،صوبائی وزیر صنعت و تجارت

منگل 19 جنوری 2021 21:32

بلاول بھٹو زرداری 22 جنوری کو لاڑکانہ انڈسٹریل زون کا افتتاح کریں گے
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جنوری2021ء) صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری 22 جنوری کو لاڑکانہ انڈسٹریل زون کا افتتاح کریں گے۔ پوری امید ہے کہ لاڑکانہ انڈسٹریل زون کے قیام سے علاقے کے لوگوں کو باعزت روزگار میسر آئے گا اور خوشحالی کا دور دورہ ہوگا۔

یہ بات منگل کے روزصوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے لاڑکانہ انڈسٹریل زون کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ دورے کے موقع پر افسران نے صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو کو لاڑکانہ انڈسٹریل زون میں جاری ترقیاتی کاموں کے بارے میں بریفننگ دی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایم ڈی سائٹ اعجاز بلو، سیکریٹری سائٹ نعیم عباسی، اسٹنٹ کمشنر لاڑکانہ عبدالواحد و دیگر افسران بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ حکومت سندھ کراچی، حیدرآباد اور دیگر بڑے شہروں کے ساتھ صوبے کے دیگر علاقوں میں بھی صنعتی ترقی کے لئے کوشاں ہے۔ لاڑکانہ انڈسٹریل زون کے فعال ہونے سے لاڑکانہ ڈویڑن اور اس کے گردونواح کے نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صنعت کار لاڑکانہ انڈسٹریل زون میں صنعتیں قائم کریں۔

حکومت سندھ انہیں سہولتیں فراہم کرے گی۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے مزید کہا کہ حکومت سندھ صوبے میں صنعتی ترقی کی خواہاں ہے لیکن وفاقی حکومت کی پالیسیاں روکاوٹ ہیں۔ گیس اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے صنعت کار بہت پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت تعاون کرے اور صنعتوں کے فروغ میں ہمارا ساتھ دے تاکہ بیروزگاری کا خاتمہ ممکن ہو۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری صوبے کے نوجوانوں کو باعزت روزگار فراہم کرنے کیلئے بہت پرجوش ہیں کیونکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ ہے کہ اس اپنے دور میں لوگوں کو روزگار دیا ہے جبکہ سلیکٹڈ حکومت لوگوں کو بیروزگار کررہی ہے۔ اس کی سب سے بڑی مثال پاکستان اسٹیل ملز کے ہزاروں ملازمین کو ملازمتوں سے نکالنا ہے۔#