لاہور: شدید دھند کے باعث فضائی اور ٹرین آپریشن متاثر

منگل 19 جنوری 2021 22:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جنوری2021ء) صوبائی دارالحکومت لاہور میں شدید دھند کے باعث منگل کے روز بھی شہر کا فضائی اور ٹرین آپریشن بری طرح متاثررہا جس کے نتیجے میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آنے اور جانے والی ملکی اور غیر ملکی 17 پروازیں متاثر ہوئیں جبکہ 10 سے زائد مسافر ٹرینیں بھی تاخیر کا شکار رہیں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 6 پروازوں کو منسوخ کردیا گیا جبکہ 11 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔

(جاری ہے)

دھند اس قدر شدید تھی کہ بیرون ملک سے لاہور لینڈ کرنے والی برٹش ایئرلائنز کی ایک پرواز کو لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ نہ کرنے کے اجازت نہ دی گئی جس کے نتیجے میں مذکورہ پرواز نصف گھنٹے تک فضا ہی میں چکر لگاتی رہی۔ اسی طرح کراچی، کوئٹہ اور لاہور کے درمیان چلنے والی 10 سے زائد مسافر ٹرینیں بھی اپنے مقررہ شیڈول سے 3 سے 6 گھنٹوں کی تاخیر کا شکار رہیں جس سے فضائی اور ٹرین مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔