Live Updates

شیخ رشید اسٹوڈنٹ تھے اور جلسوں میں ڈانس کرتے تھے، مولانا فضل الرحمان

دینی مدارس کےطلباء کا جلسوں میں جانا شیخ رشید جتنا ہی حق ہے، ہم دینی طلباء کو آئین، قانون، جمہوریت کا وفادار بنانا چاہتے، آپ کہتے وہاں بھی نہ آئیں، تو پھر کدھر جائیں، بندوق کی طرف جائیں؟ صدر پی ڈی ایم کا احتجاجی جلسے سے خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 19 جنوری 2021 19:43

شیخ رشید اسٹوڈنٹ تھے اور جلسوں میں ڈانس کرتے تھے، مولانا فضل الرحمان
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19جنوری 2021ء) جمیعت علماء اسلام ف کے سربراہ اور پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ شیخ رشید اسٹوڈنٹ تھے اور جلسوں میں ڈانس کرتے تھے، دینی مدارس کے طلباء کا جلسوں میں جانا شیخ رشید جتنا ہی حق ہے، ہم دینی طلباء کو آئین ، قانون، جمہوریت کا وفادار بنانا چاہتے، آپ کہتے وہاں بھی نہ آئیں ، تو پھر کدھر جائیں ، بندوق کی طرف جائیں؟ انہوں نے پی ٹی آئی کی فارن فنڈنگ کیخلاف الیکشن کمیشن اسلام آباد دفتر کے باہرپی ڈی ایم کی احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دینی مدارس کے طلباء بالغ بھی ہیں اور عاقل بھی ہیں، دینی مدارس کے طلباء کا جلسوں میں جانا اسی طرح حق ہے، جس طرح شیخ رشید سٹوڈنٹ تھے اور جلسوں میں ڈانس کیا کرتے تھے، میرے ساتھ پی ڈی ایم کی جتنی قیادت ہے یہ سب کالج زمانے میں جلسے جلوسوں میں جایا کرتے تھے،پھر دینی مدارس سے کیوں ڈرتے ہو، ایک طرف کہتے ہوہم دینی مدارس کو قومی دھارے میں لانا چاہتے ہیں ، جب دینی مدرسوں کے طلباء پاکستان کی مثبت سیاست کی طرف جاتے ہیں، جلسوں میں جاکر سیاست کو سیکھنا چاہتے ہیں ، پاکستان کے آئین کو سمجھنا اور قانون کے ساتھ کھڑا ہونا چاہتے ہیں ، پھر آپ کہتے وہاں بھی نہ آئیں ، تو پھر کدھر جائیں ، پھر بندوق کی طرف جائیں؟الحمداللہ مدارس کے طلباء، اساتذہ اور تنظیموں نے ہماری آواز پر لبیک کہا ہے، مدرسوں کے طلباء نے بندوق چھوڑ کر کتاب پکڑی ہے، ہم ان کو پاکستان کے آئین اور جمہوریت کا وفادار بنانا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح انہوں نے مزید اپنے خطاب میں کہا کہ آج حکمرانوں کوایک نمونہ دکھایا ہے کہ جب لانگ مارچ ہوگا تو کیا ہوگا۔ 8 اگست 2018ء کو اسی جگہ مظاہرہ کرکے الیکشن کو متفقہ طور پر مسترد کیا تھا، آج بھی کہتے ہیں یہ حکومت منتخب نہیں ، اس کو ملک پر حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں ہے، الیکشن کمیشن منصفانہ انتخابات نہیں کرواسکے، کچھ طاقتور اداروں نے الیکشن پر قبضہ کیا ، مرضی کے نتائج مرتب کیے، قوم پر ڈفلی بجانے والے کو مسلط کردیا، جس کے پاس معیشت چلانے ، سیاست کرنے کی صلاحیت نہیں ہے، ایک نااہل حکمران کو اس لیے کرسی پر بٹھایا گیا کہ یہ احمق سامنے رہے گا اس کے پیچھے طاقتور ادارے حکومت چلائیں گے۔

میں 2012ء کہہ رہا ہوں کہ یہ یہودی ایجنٹ ہے، وہاں سے سپورٹ حاصل ہے، آج پوری قوم پر آشکار ہوگیا ہے کہ ہندوستان اور اسرائیل کے فنڈز پر الیکشن لڑا اور پارٹی تشکیل دی، یہ وہ پیسا ہے کہ 2013ء کے الیکشن کے بعد مجھے بتایا گیا کہ اتنا بڑا پیسا ہے کہ ملک کے گلی کوچوں تک جائے گا، ایک ایک مسجداور ایک ایک مولوی تک جائے گا، مولانا فضل الرحمان تم اکیلے رہ جاؤ گے، تمارا مولوی بھی تمہارے ساتھ نہیں کھڑا ہوگا، پھر دنیا نے دیکھا جب صوبہ خیبرپختونخواہ میں مسجد امام کو ماہانہ 10ہزار دینے کا اعلان کیا تو ایک مولوی نہیں ملا جس نے پیسا قبول کیا، آج پھر اعلان کیا جارہا ہے کہ مساجد کے علماء کو پیسے دیں گے، میں پھرکہتا ہوں کہ یہودیوں اور ہندوؤں کا پیسا تمہارے منہ پر مارتے ہیں، وہ پیسا تمہیں سجتا ہے مولویوں کو نہیں سجتا، کوئی غیرت مند امام ، مولوی یہودیوں اور ہندوؤں کے پیسے پر لعنت بھیجتا ہے، ہم بھوکا سوجائیں گے تمہارے پیسے پر لعنت بھیجتے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے 6 سال سے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ لٹکایا، 23 اکاؤنٹس کو خفیہ رکھا گیا، یہ حکومت میں رہنے کے اہل نہیں، اگر نوازشریف کو اقامے اور بیٹے سے تنخواہ لینے پر جولی بھی نہیں اس پر نااہل کیا جاتا ہے، تو پھر ہمارے دشمنوں اسرائیل ہندوستان کے پیسے پر ایک مشکوک شخص کو حکمران بنایا گیا، جو حساسیت کے لحاظ سے ایٹمی طاقت ہے، کرسی پر بٹھانے کیلئے جس نے بھی پشت بانی کی سہارا دیا، وہ سب مشکوک ہوجاتے ہیں، ہمیں مجبور مت کرو پھر کہتے ہیں اداروں کی بات کرتے ہیں، ادارے آسمان سے نہیں اترے، ادارے ہمارے سوسائٹی کے لوگ ہیں، ان اداروں نے جرائم کیے ہیں، جن کے نتیجے میں پاکستان ٹوٹا، ان اداروں نے پاکستان کو یہاں تک پہنچایا کوئی قرضہ دینے کو تیار نہیں، چین ، سعودی عرب، یواے ای ہم پر اعتما د نہیں کررہا، افغانستان اور ایران ہندوستان کے کیمپ میں چلے گئے، بتاؤ اس خارجہ پالیسی کے ساتھ پاکستان کو کیسے باقی رکھ سکیں گے؟ انہوں نے یورپ، امریکا، مشرق وسطیٰ سے ہنڈی کے ذریعے پیسا لیا، عوام کو کیا دے رہے ہیں؟ اس پیسے کو عیاشیوں کے لیے استعمال کررہے ہیں، انہو ں نے خواب ریاست مدینہ کا دکھایا قوم صبح اٹھی تو رخ کوفے کی طرف تھا ، یہودی کا جو یار ہے ، مودی کا جو یار وہ غدار ہے۔

یہودو ہنود دونوں اس کو سہارا دے رہے ہیں۔ میرے محترم دوستو! حقائق سب سامنے آچکے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات