ترسیلات زر میں 5 ارب ڈالرز سے زائد کے زبردست اضافے کا امکان

حکومت کی کوششیں رنگ لانے لگیں، رواں مالی سال کے اختتام پر پاکستان کی کل ترسیلات کا حجم 28 ارب ڈالرز سے تجاوز کر جانے کا امکان

muhammad ali محمد علی منگل 19 جنوری 2021 20:34

ترسیلات زر میں 5 ارب ڈالرز سے زائد کے زبردست اضافے کا امکان
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19جنوری 2021ء) ترسیلات زر میں 5 ارب ڈالرز سے زائد کے زبردست اضافے کا امکان، حکومت کی کوششیں رنگ لانے لگیں، رواں مالی سال کے اختتام پر پاکستان کی کل ترسیلات کا حجم 28 ارب ڈالرز سے تجاوز کر جانے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق کرونا بحران کے باوجود پاکستان کی معیشت میں بہتری کے واضح آثار نظر آ رہے ہیں۔ معاشی ماہرین اور بین الاقوامی اداروں کی جانب سے بھی پیشن گوئی کی جا رہی ہے کہ پاکستان کی معیشت اب بہتری کی راہ پر گامزن ہے، آئندہ برسوں میں ملکی معیشت میں مزید بہتری آئی گی۔

رواں مالی سال کے آغاز کے بعد جی ڈی پی گروتھ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ صنعتی پیداوار، غیر ملکی سرمایہ کاری، ترسیلات زیر، ایکسپورٹس اور ٹیکس ریونیو، ان سب میں مثبت اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

(جاری ہے)

پہلی مرتبہ ملکی تاریخی میں مالی سال کے مسلسل 6 ماہ بیرون ممالک سے موصول ہونے والی ترسیلات ماہانہ بنیاد پر 2 ارب ڈالرز سے زائد رہی ہیں۔ پاکستان میں 7.7 ملین ڈالر یومیہ ترسیلات زر آرہے ہیں۔

گزشتہ 6 ماہ میں پاکستان کو 14ارب ڈالرز سے زائد ترسیلات موصول ہو چکے ہیں۔ ماہرین کے مطابق پاکستان کو رواں مالی سال کے اختتام تک ماہانہ بنیاد پر 2 ارب ڈالرز سے زائد کی ترسیلات موصول ہونے کا سلسلہ جاری رہا، تو اس صورت میں ایک سال کے دوران کل ترسیلات کا حجم 28 ارب ڈالرز سے زائد کی ریکارڈ سطح تک پہنچ سکتا ہے۔ گزشتہ مالی سال کے اختتام پر پاکستان کی ترسیلات زر کا حجم 23 ارب ڈالرز سے زائد رہا تھا، یوں رواں مالی سال کے اختتام تک ترسیلات زر کی مد میں 5 ارب ڈالرز سے زائد کا اضافہ ہونے کا امکان ہے۔

جبکہ دوسری جانب گزشتہ دو ماہ میں ایکسپورٹس میں اضافے کا 10 سالہ ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا۔ نومبر 2020 میں ریکارڈ 2 ارب 15 کروڑ ڈالرز سے زائد کی ایکسپورٹس کی گئیں، گزشتہ 10 سال کے دوران نومبر کے ماہ میں یہ ایکسپورٹس کے حجم کی سب سے بلند شرح رہی۔ جبکہ دسمبر میں بھی یہ حجم 2 ارب ڈالرز سے زائد رہا۔ مالی سال کے ابتدائی 6 ماہ میں اب تک پاکستان کو ایکسپورٹس کی مد میں 12 ارب ڈالرز سے زائد حاصل ہو چکے۔

یوں مالی سال کے اختتام پر ایکسپورٹس کی مد میں بھی پاکستان کو 22 ارب ڈالرز سے زائد موصول ہونے کا قوی امکان ہے۔ اس تمام صورتحال میں امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پاکستان مالی سال کے اختتام تک ریکارڈ زرمبادلہ کما لے گا۔ امکان ہے کہ ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے اور ایکسپورٹس میں بہتری کی صورت میں پاکستان رواں مالی سال کے اختتام تک اپنے ذرائع سے 50 ارب ڈالرز سے زائد زرمبادلہ کما لے گا۔ اس ریکارڈ تعداد میں زرمبادلہ حاصل ہونے کی صورت میں پاکستان کا بیرونی قرضوں پرانحصار کم ہو جائے گا۔