کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں، منشیات فروش عورتوں، موٹرسائیکل چور، منشیات اور گٹکا فروشوں سمیت 15ملزمان گرفتار

منگل 19 جنوری 2021 23:52

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جنوری2021ء) پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے منشیات فروش عورتوں، موٹرسائیکل چور، منشیات اور گٹکا فروشوں سمیت 15ملزمان کو گرفتارکرکے قبضے سے اسلحہ، منشیات، مسروقہ موٹرسائیکلیں ودیگرسامان برآمد کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ناظم آباد پولیس نے کاٹھیاواڑی محلہ میں منشیات کے اڈے پر چھاپہ مار کر 2 عورتوں رابعہ عرف راول اور روزینہ سمیت 8 ملزمان کو گرفتارکرکے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی۔

(جاری ہے)

بن قاسم پولیس نے منشیات فروش شبیر احمد کو گرفتارکرکے ایک کلو سے زائد چرس اور موبائل فون برآمدکرلیا۔سکھن پولیس نے مطلوب منشیات فروش محمد عظیم کو گرفتارکرکے منشیات برآمدکرلی۔ائیر پورٹ پولیس نے ائیرپورٹ پارکنگ ایریا سے موٹرسائیکل چوری کرتے ہوئے ایک ملزم اختر عزیز کو گرفتارکرلیا۔ تیموریہ پولیس نے موٹرسائیکل چور طارق کو گرفتارکرکے مسروقہ موٹرسائیکل اور 120 گرام چرس برآمد کرلی۔ جوہر آباد پولیس نے ایک ملزم ولید کو گرفتارکرکے اسلحہ اور کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانے کی حدود سے چوری شدہ موٹرسائیکل برآمد کرلی۔ اقبال مارکیٹ پولیس نے ڈکیت عزیز محمد الیاس اورگٹکا فروش عزیز اللہ کو گرفتارکرکے اسلحہ 2 موبائل فون اورچھالیہ برآمدکرلی۔