متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کے لیے اب چھُٹی لینا آسان نہیں ہوگا

اماراتی وزارت صحت کی جانب سے آٹھ شرائط جاری کر دی گئیں، میڈیکل سرٹیفکیٹ کی تصدیق کرانا لازمی ہو گی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 20 جنوری 2021 12:44

متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کے لیے اب چھُٹی لینا آسان نہیں ..
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20جنوری2021ء) متحدہ عرب امارات میں 15 لاکھ کے لگ بھگ پاکستانی مقیم ہیں۔ جنہیں بیماری کے سلسلے میں تعطیلات کی بھی ضرورت پڑجاتی ہے۔ اس حوالے سے اماراتی وزارت صحت نے طبی بنیادوں پر چھُٹی لینے کے لیے نئی شرائط مقرر کر دی ہیں۔ اُردو نیوز کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اماراتی وزارت صحت نے سرکاری اور نجی صحت اداروں سے چھٹی کے لیے جاری میڈیکل سرٹیفکیٹ کی تصدیق کے لیے آٹھ شرائط مقرر کی ہیں۔

۔ وزارت صحت کے مطابق شارجہ اور شمالی ریاستوں میں جو افراد بیماری کی چھُٹی لینا چاہتے ہیں، ان کے میڈیکل سرٹیفکیٹ کی تصدیق آن لائن ہو سکے بشرطیکہ چھٹی کا دورانیہ پانچ دن یا اس سے کم ہو۔ اس کے لیے میڈیکل کمیٹی کی منظوری ضروری نہیں۔البتہ اگر بیماری کی چھٹی کا دورانیہ پانچ دن سے زائداور 30 رو ز تک کا ہو تو اس کی تصدیق بھی آن لائن ہوگی تاہم سروس چارجز کی مد میں 50 درہم وصول کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

 
۔ چھٹی کا دورانیہ ایک ماہ سے زیادہ ہو تو ایسی صورت میں تصدیق آن لائن ہوگی اور وزارت صحت کے میڈیکل پینل سے منظوری لی جائے گی۔ایک شرط یہ بھی ہے کہ بیماری کی چھٹی جاری کرنے والا صحت ادارہ لائسنس ہولڈر ہو۔
۔ ایک شرط یہ بھی ہے کہ میڈیکل سرٹیفکیٹ کے اجرا کی تاریخ اور تصدیق کی تاریخ میں ایک ماہ سے زیادہ کا عرصہ نہ گزرا ہو۔
۔

ایک اور شرط یہ ہے کہ دبئی اور ابوظبی محکمہ صحت کے ماتحت ہسپتالوں اور ہیلتھ سینٹرز سے جاری ہونے والی بیماری کی چھٹیاں پہلے متعلقہ شہر میں واقع محکمہ صحت سے منظور کرائی جائیں پھر وزارت صحت سے آن لائن تصدیق ہو جبکہ متحدہ عرب امارات سے باہر کسی صحت ادارے سے جاری ہونے والی بیماری کی چھٹی یا میڈیکل رپورٹ کی تصدیق کی توثیق وزارت خارجہ سے کرائی جائے گی۔

پانچ یا اس سے کم دن کی بیماری کی چھٹی کی تصدیق کرانے کے لیے اصل دستاویز پیش کرنا ہوگی۔ مریض کے شناختی کارڈ کی کاپی منسلک کرنا ہوگی۔ پانچ دن سے زیادہ کی چھٹی کے سرٹیفکیٹ پر فیس لی جائے گی اور بیمار کے شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی بھی جمع کرانا ہوگی۔
۔ دبئی اور ابوظبی میں میڈیکل سرٹیفکیٹ کی تصدیق آن لائن کارروائی کے ذریعے ہوگی۔ یہ کارروائی User Name اور پاس ورڈ کے ذریعے انجام دی جائے گی۔

امیدوار کو چھٹی اور میڈیکل رپورٹ کی تفصیلات کا اندراج کرنا ہوگا اور مطلوبہ دستاویزات منسلک کرنا ہوگی اور درخواست پیش کرنا ہوگی منظوری کے بعد فیس ادا کرنا ہوگی۔ آخر میں چھٹی کی منظوری کی دستاویز پرنٹ کرکے حوالے کی جائے گی۔ 
۔ اگر چھٹی کا دورانیہ پانچ دن سے ایک ماہ تک کا ہوا تو ایسی صورت میں متعلقہ علاقے میں واقع میڈیکل ٹیم سے منظوری لینا ہوگی اس کے بعد فائل متعلقہ کمیٹی کے حوالے کی جائے گی اس کے فیصلے پر امیدوار کو میڈیکل کمیشن سے بیماری کی چھٹی کی منظوری حاصل ہوگی۔

آخری کارروائی کے طور پر بیماری کی چھٹی کی منظوری کے لیے درخواست پیش کی جائے گی اور کمیشن اس کا جائزہ لے گا اور فیصلہ صادر کرے گا۔
 ۔ وزارت صحت نے شارجہ اور شمالی ریاستوں میں سرٹیفکیٹ کی تصدیق کے لیے چار اقدامات متعین کیے ہیں: آن لائن کارروائی ہوگی۔ چھٹی کی تفصیلات اور میڈیکل رپورٹ کا اندراج کرانا ہوگا، فیس دینا ہوگی۔ سرٹیفیکٹ آن لائن جاری ہوگا اور امیدوار کو پرنٹ کرکے دیا جائے گا۔