امارات میں دُھند کے باعث رونما ہونے والے ٹریفک حادثے کے بعد حکام نے اہم فیصلہ کر لیا

ابوظبی میں دُھند کے اوقات میں ٹرک اور بسوں سمیت تمام ہیوی ٹریفک پر پابندی عائد کر دی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 20 جنوری 2021 13:27

امارات میں دُھند کے باعث رونما ہونے والے ٹریفک حادثے کے بعد حکام نے ..
ابوظبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20جنوری2021ء) متحدہ عرب امارات میں گزشتہ روز دُھند کے باعث ابوظبی کے علاقے المفرق روڈ پر خوفناک حادثہ پیش آیا تھا جب19 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئی تھیں، جن میں کاریں اور ٹرک بھی شامل تھے۔ اس حادثے کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی ہلاک ہو گیا تھا اور 8 افراد زخمی ہوئے تھے۔ اس افسوس ناک واقعے کے بعد ابوظبی میں تمام چھوٹی بڑی سڑکوں پر دھند کے دوران ہیوی ٹریفک سڑک پر لانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

ابوظبی پولیس کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اعلان کیا گیا ہے کہ اگلے چند روز کے لیے دُھند کے دوران ہیوی ٹریفک کے دُھندکے دوران چلانے پر مکمل پابندی ہو گی۔ اس ہیوی ٹریفک میں ٹرک، بسیں، کنٹینرز اور دیگر بھاری گاڑیاں شامل ہیں۔ یہ ہیوی ٹریفک صرف اس وقت سڑکوں پر لائی جا سکے گی جب تک دُھند ختم ہونے کے بعد حدِ نگاہ پوری طرح بحال نہیں ہو جاتی۔

(جاری ہے)

اس پابندی پر سختی سے عمل کروایا جائے گا۔ اگرکسی ڈرائیور نے اس پابندی کی خلاف ورزی کی تو اس پر 5سو درہم کا جرمانہ عائد ہو گا اس کے علاوہ اس کے ڈرائیونگ لائسنس پر بطور سزا 4 بلیک پوائنٹس کا اندراج بھی کیا جائے گا۔ ابوظبی پولیس کا کہنا ہے کہ دُھند کے باعث حد نگاہ کم ہونے سے حادثات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ جس کی ایک بڑی وجہ اگلی گاڑیوں سے محفوظ فاصلہ نہ رکھنا اور حدِ رفتار پر عمل نہ کرنا ہے۔

بھاری ٹریفک کے باعث تصادم کی صورت میں انسانی جانوں کے لیے خطرات زیادہ ہو جاتے ہیں۔ اسی وجہ سے عارضی طور پر دُھند کے اوقات میں ہیوی ٹریفک پر پابندی لگائی گئی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز صبح سویرے المفرق کے علاقے میں دُھند کے دوران 19 گاڑیوں کا تصادم ہوا تھا جس کے نتیجے میں ایک شخص اپنی جان گنوا بیٹھا اور 8 زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔