سعودی عرب میں موسم انتہائی خراب ہونے کاخدشہ پیدا ہو گیا

محکمہ موسمیات نے طوفانی بارشوں، دُھند، تیز ہواؤں،گرد و غبار اور طغیانی کی وارننگ جاری کر دی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 20 جنوری 2021 13:56

سعودی عرب میں موسم انتہائی خراب ہونے کاخدشہ پیدا ہو گیا
جدہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20جنوری2021ء) سعودی عرب میں موسم کے بگڑ جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ آج اور کل کے روز مملکت کے بیشتر علاقوں میں طوفانی بارشیں ہوں گی۔ کچھ علاقوں پر دُھند بھی ڈیرے ڈالے رہے گی۔ جبکہ بعض مقامات پر بارشوں کے ساتھ برف باری کا بھی امکان ہے۔ اسی طرح کچھ خطوں میں تیزہوائیں اور گرد و غبار بھی لوگوں کا امتحان لیں گی۔

سعودی محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند گھنٹوں کے دوران بارشوں، دھند، تیز ہواوٴں، ریت کے غبار اور سمندری موجوں میں طغیانی کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے اپنے سرکاری ٹویٹر اکاؤنٹ پر خراب موسم کے حوالے وارننگ جاری کر دی ہیں۔ ایک ٹویٹ میں بتایا گیا ہے کہ سعودیہ کے تین صوبوں الجوف، شمالی حدود اور تبوک میں طوفانی بارشوں کے ساتھ برف باری بھی ہو گی۔

(جاری ہے)

جبکہ کچھ مقامات پر گہری دُھند بھی چھائی رہے گی۔ تبوک، الجوف، شمالی حدود، حائل اور القصیم میں تند و تیز ہوائیں چلنے اور گرد و غبار کی آندھی کا امکان ہے۔ ساتھ ہی حدّ نگاہ بھی کم ہو سکتی ہے۔اسی نوعیت کی صورت حال اس وقت ریاض اور الشرقیہ صوبے میں بھی دیکھی جا رہی ہے۔ تبوک، مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ صوبوں کے مختلف اضلاع میں تیز ہوائیں چلنے کے علاوہ سمندری موجوں میں طغیانی کا امکان ہے۔

ماہر موسمیات حسن کرانی نے اپنی ٹویٹر پوسٹ میں بتایا ہے کہ جمعرات کی شام سے اگلے دس روز تک سعودی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں رہے گا۔ عوام سردی سے بچاؤ کے لیے خصوصی انتظامات کر لیں۔ انہوں نے کہا کہ خصوصاًشمالی علاقوں میں بارش، برف باری،سرد ہواؤں کے چلنے سے درجہ حرارت بہت کم ہو جائے گا۔ جبکہ ایک اور ماہر موسمیات عبدالعزیز الحصینی نے ایک بیان میں کہا کہ گذشتہ دو روز کے دوران ملک میں درجہ حرارت میں تین سے پانچ درجے کا اضافہ ہوا تھا۔

آئندہ ہفتے سے مملکت میں بعض مقامات پر درجہ حرارت تین سے پانچ درجے سینٹی گریڈ کمی کا امکان ہے۔اگلے چند روز میں بعض شہروں تبوک، مدینہ منورہ، شمالی علاقوں، الجوف، مکہ، ساحلی علاقوں، حائل، القصیم میں بارشوں اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ وہ اگلے چار روز کے دوران خراب موسم کی صورت میں گھروں سے بغیر ضرورت باہر نہ نکلیں۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے سوشل میڈیا ویب سائٹس پر موسم کے حوالے سے وقتاً فوقتاً اطلاع دی جاتی رہے گی۔