امریکی کانگریس کی مسلمان رکن رشیدہ طلیب کی ایک بار پھر اسرائیل پر تنقید

اسرائیل ایک نسل پرست ریاست ہے جس نے فلسطینی قوم کو کرونا ویکسین سے محروم کیا ،بیان

بدھ 20 جنوری 2021 16:54

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2021ء) امریکی کانگریس کی مسلمان اور عرب نژاد رکن رشیدہ طلیب نے فلسطینیوں کو کرونا ویکسین سے محروم رکھنے پر ایک بار پھر اسرائیل کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے اورکہاہے کہ اسرائیل نے فلسطینیوں کو کرونا ویکسین کی فراہمی سے انکارکرکے ثابت کیا ہے کہ اسرائیل ایک نسل پرست ملک ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق فلسطینی نژاد رشیدہ طلیب نے کہا کہ یہ بات ناگزیر ہوچکی ہے کہ ہم ادراک کریں کہ اسرائیل ایک نسل پرست ریاست ہے جس نے فلسطینی قوم کو کرونا ویکسین سے محروم کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری دادی فلسطین میں ہیں اور انہیں کرونا ویکسین نہیں دی جا رہی ہے۔ اسرائیل فلسطینیوں کو انسان نہیں سمجھتا اور انہیں زندہ رہنے کا حق دینے سے انکاری ہے حالانکہ فلسطینیوںکو بھی عالمی وبا سے بچائو کا حق چاہیے۔

(جاری ہے)

امریکا میں ڈیموکریٹک رکن کانگریس نے کہا کہ اسرائیل کا مسلسل ایک نسل پرست ریاست قائم رہنا ناقابل قبول ہے۔ اسرائیلی اپنے پڑوسیوں سے جینے کا حق بھی چھین رہے ہیں حالانکہ فلسطینی بھی انہی آبادیوں میں سانس لے رہے ہیںجہاں اسرائیلی آباد ہیں۔

رشیدہ طلیب نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے کہ ہمارا ملک یہ ادراک کرے گا کہ فلسطینی کیا ہیں۔ وہ طویل عرصے سے ہم سے اچھی خبر کے لیے امیدیں لگائے بیٹھے ہیں۔ اسرائیل فلسطینیوںکو کوئی اہمیت نہیں دیتا اور نہ ہی انہیں مساوی انسانی حقوق فراہم کررہا ہے۔ کرونا ویکسین کی تقسیم میں فلسطینیوں سے امتیازی سلوک نے ثابت کردیا کہ اسرائیل ایک کھلم کھلا نسل پرست ریاست ہے۔