سعودی عرب میں بارشوں، دھند، آندھی اور سمندری طغیانی کی وارننگ

بدھ 20 جنوری 2021 16:58

سعودی عرب میں بارشوں، دھند، آندھی اور سمندری طغیانی کی وارننگ
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2021ء) سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے مملکت کے بعض علاقوں میں آئندہ چند گھنٹوں کے دوران بارشوں، دھند، تیز ہوائوں، ریت کے غبار اور سمندری موجوں میں طغیانی کی توقع ظاہر کی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس حوالے سے مرکز نے ٹویٹر پر اپنے سرکاری اکائونٹ پر سلسلہ وار تنبیہات جاری کیں۔

(جاری ہے)

ٹویٹ کے مطابق تین صوبوں الجوف، شمالی حدود اور تبوک میں بارشوں کے ساتھ ساتھ دھند اور برف باری دیکھی جا سکتی ہے۔علاوہ ازیں تبوک، الجوف، شمالی حدود، حائل اور القصیم میں تند و تیز ہوائیں چلنے اور گرد و غبار کی آندھی کا امکان ہے۔ ساتھ ہی حد نگاہ بھی کم ہو سکتی ہے۔اسی نوعیت کی صورت حال اس وقت ریاض اور الشرقیہ صوبے میں بھی دیکھی جا رہی ہے۔موسمیات کے قومی مرکز کے مطابق تبوک، مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ صوبوں کے مختلف اضلاع میں تیز ہوائیں چلنے کے علاوہ سمندری موجوں میں طغیانی کا امکان ہے۔