جموںوکشمیر میں یوتھ سوشل فورم ،پیپلز لیگ کا غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی رہائی کا مطالبہ

بدھ 20 جنوری 2021 17:03

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2021ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں یوتھ سوشل فورم اور پیپلز لیگ نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کو رہا کرے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموںوکشمیر یوتھ سوشل فورم کے جنرل سیکرٹری زبیر احمد جموں خطے کی کٹھوعہ جیل میں کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظر بند شبیر احمد پڈر کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ضلع اسلام آباد کے علاقے لارنو ککر ناگ گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس موقع پر اپنی گفتگو میں حریت رہنمائوں اور کارکنو ں سمیت تمام کشمیری نظر بندوں کو رہائی کا مطالبہ کیا۔ انہوںنے اقوام متحدہ اور ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ سمیت انسانی حقوق عالمی اداروں سے بھی اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر اور بھارتی جیلوں میں غیر قانونی طورپر نظر بند کشمیریوں کی حالت زار کا نوٹس لیں اور انکی رہائی کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں۔ دریں اثنا یاسر احمد ، شبیر احمد اور جاوید احمد پر مشتمل جموںوکشمیر پیپلز لیگ کا بھی ایک وفد نظر بند نوجوانوں کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ضلع اسلام کے علاقوں میں گیا۔